پاکستان کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے ویرات کوہلی کو اپنے کیریئر کا مشکل ترین بیٹر قرار دے دیا۔
وزڈن سے حالیہ گفتگو میں 34 سالہ فاسٹ بولر محمد عامر نے کہا کہ ویرات کوہلی میرے کیریئر کے مشکل ترین بیٹر میں سے ایک ہیں جنہیں میں نے بولنگ کی، وہ دباؤ میں شاندار اننگز کھیلتے ہیں اور میچ فنش کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ویرات کوہلی اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت عظیم ترین بیٹرز میں شمار ہوتے ہیں۔
فاسٹ بولر نے آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ اور شین واٹسن کو بھی مشکل ترین بیٹر قرار دیا لیکن ویرات کوہلی کو فہرست میں انہوں نے پہلے نمبر پر رکھا۔
یہ پڑھیں: محمد عامر کی شاہین آفریدی کے بارے میں کہی بات سچ ثابت ہوگئی
واضح رہے کہ اس سے قبل انٹرویو میں ویرات کوہلی سے کہا گیا تھا کہ وہ کسی مشکل ترین بولر کا نام لیں تو انہوں نے بھی عامر کا ہی نام لیا تھا۔
یاد رہے کہ محمد عامر اور ویرات کوہلی کئی بار مدمقابل آچکے ہیں عامر نے انہیں چیمپئنز ٹرافی 2017 سمیت دو مرتبہ جلدی آؤٹ کیا ہے جبکہ کوہلی بھی پاکستان کے خلاف کئی یادگار اننگز کھیل چکے ہیں۔
محمد عامر نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔
