ممبئی: سابق بھارتی اسپنر ہربھجن سنگھ نے پاک بھارت کرکٹ میچز کے دوران کھلاڑیوں کے نامناسب رویے کے بعد شدید ردعمل ظاہر کیا ہے، سابق کرکٹر کا کہنا ہے کہ آئی سی سی اور دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز اس معاملے میں مداخلت کریں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق بھارتی اسپنر ہربھجن سنگھ نے کہا کہ آئی سی سی کو اب کسی نہ کسی طرح آگے آنا چاہیے، معاملات بہت زیادہ بڑھ چکے ہیں، دو روز قبل بھی جو کچھ ہوا وہ درست نہیں تھا۔
ہربھجن کا کہنا تھا کہ کھیل کو کھیل کی حد تک رکھا جائے تو حالات بہتر ہوسکتے ہیں، دونوں ٹیموں کے درمیان نوک جھوک ہوتی آئی ہے اور ہونی بھی چاہیے، تاہم اس میں اتنا ہی تڑکا ہونا چاہیے جتنی ضرورت ہو۔
سابق بھارتی کرکٹر نے کہا کہ معاملہ اس حد تک نہیں بڑھنا چاہیے کہ بعد میں شرمندگی محسوس ہو کہ ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔
اُنہوں نے کہا کہ آئی سی سی اور دونوں کرکٹ بورڈز کو مداخلت کر کے کہنا چاہیے کہ اب بہت ہوگیا، میدان میں جیت کے لیے بھرپور کوشش کریں، لیکن میچ کے بعد اس طرح کا ردعمل کسی طور پر مناسب نہیں۔
سابق کرکٹر کا مزید کہنا تھا کہ دونوں جانب کے کھلاڑیوں کو ایسا رویہ اختیار نہیں کرنا چاہیے، ہرشت رانا نے بھی درست نہیں کیا، میرے خیال میں اس طرح کے واقعات سے آنے والی نسل کے لیے اچھی مثال قائم نہیں ہو رہی۔
Source: پاکستان



