دبئی: بھارت کے سابق اسٹار کرکٹر نووجوت سنگھ سدھو نے یو اے ای میں جاری انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 کے دوران پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کے ساتھ لی گئی ایک تصویر شیئر کردی۔
انسٹاگرام پر تصویر شیئر کرتے ہوئے نووجوت سنگھ سدھو نے کیپشن میں لکھا ’فاسٹ اینڈ فیوریس، راولپنڈی ایکسپریس‘، جو شعیب اختر کا مشہور لقب ہے۔
راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے بھی یہی تصویر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے طویل عرصے بعد سدھو سے ملاقات پر خوشی کا اظہار کیا۔
شعیب اختر نے لکھا ہے کہ پاجی سے مل کر دل خوش ہوگیا، طویل عرصے کے بعد ملاقات ہوئی۔
View this post on Instagram
دونوں سابق کرکٹرز ان دنوں انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 کے پانچویں سیزن کے لیے متحدہ عرب امارات میں موجود ہیں، جہاں وہ ٹورنامنٹ کی کمنٹری ٹیم کا حصہ ہیں۔
سدھو پہلی مرتبہ لیگ کی کمنٹری ٹیم میں شامل ہوئے ہیں، جبکہ شعیب گزشتہ سیزن میں شرکت نہ کرنے کے بعد دوبارہ کمنٹری پینل میں شامل ہوگئے ہیں۔
دونوں کے ساتھ وسیم اکرم، وقار یونس، ایان بشپ، بریٹ لی اور رابن اتھپا سمیت دیگر سابق کرکٹرز بھی کمنٹری کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 کا پانچواں ایڈیشن 21 نومبر سے شروع ہوا ہے، جس میں دبئی، ابوظبی اور شارجہ میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جائیں گے، جبکہ فائنل 20 دسمبر کو دبئی میں ہوگا۔
Source: پاکستان



