اسلام آباد : یورپی سرمایہ کاری بینک نے پاکستان کے لیے 160 ملین یورو فنانسنگ کا اعلان کر دیا۔
اعلامیے کے مطابق سندھ میں سیلاب متاثرہ گھروں کی تعمیرِ نو کے لیے 100 ملین یورو مختص کیے ہیں۔ سندھ میں سیلاب سے متاثرہ 21 لاکھ گھروں کی تعمیرِ نو کی جائے گی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ کراچی میں صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں کے لیے 60 ملین یورو مختص کیے گئے ہیں ۔کراچی میں 2 فلٹریشن پلانٹس کی تعمیر سے 22 لاکھ افراد کو فائدہ ہوگا، روزانہ 30 کروڑ لیٹر پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق منصوبے یورپی یونین کی گلوبل گیٹ وے حکمتِ عملی کا حصہ ہیں۔
ان معاہدوں کا اعلان اسلام آباد میں یورپی یونین پاکستان بزنس فورم کےموقع پر کیا گیا۔
یورپی انویسٹمنٹ بینک حکام کا کہنا ہے کہ گلوبل گیٹ وے حکمت عملی کے تحت پاکستان میں ترقیاتی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے۔
یورپی انویسٹمنٹ بینک کے حکام نے ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور پائیدار ترقی کیلئے تعاون کا اعادہ کیا ہے۔
یورپی انویسٹمنٹ بینک حکام کا کہنا ہے کہ کمزور طبقات کیلئے محفوظ رہائش اور صاف پانی کی فراہمی ترجیح ہے، ای آئی بی کی پاکستان میں دوبارہ سرمایہ کاری سے شراکت داری مزید مضبوط ہو گی۔
یورپی انویسٹمنٹ بینک حکام کے مطابق گھروں کی تعمیر میں عوامی شمولیت اور ماحولیاتی معیار کو یقینی بنایا جائے گا۔


























Leave a Reply