واٹس ایپ میں آپ کے چیٹ اور دیگر ڈیٹا کے بیک اپ کے لیے کلاؤڈ سروس کو استعمال کیا جاتا ہے۔
اینڈرائیڈ صارفین کے لیے گوگل ڈرائیو جبکہ آئی فون صارفین کے لیے آئی کلاؤڈ کو چیٹ بیک اپ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
مگر بہت جلد واٹس ایپ کی جانب سے صارفین کو چیٹ بیک اپ کا نیا آپشن فراہم کیا جائے گا۔
WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کی جانب سے ایک نئے فیچر پر کام کیا جا رہا ہے جس کے تحت صارفین اپنی چیٹس کو کمپنی کے کلاؤڈ سٹوریج میں محفوظ کرسکیں گے۔
یہ کلاؤڈ اسٹوریج بیک اپ انکرپٹڈ ہوگا۔
اس فیچر کی آزمائش ابھی اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے واٹس ایپ کے بیٹا (beta) ورژن میں کی جا رہی ہے۔
اینڈرائیڈ صارفین کے لیے اب کلاؤڈ بیک اپ کے 2 آپشنز دستیاب ہوں گے، گوگل ڈرائیو اور واٹس کا اپنا کلاؤڈ اسٹوریج، جس میں صارفین کو 2 جی بی مفت اسٹوریج کی پیشکش کی جائے گی۔
ابھی ویسے تو واٹس ایپ میں ذاتی میسجز کے لیے اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا فیچر بائی ڈیفالٹ کام کرتا ہے مگر بیک اپ کے لیے آپ کو خود ایسا کرنا ہوتا ہے۔
جب آپ اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن بیک اپ ڈیٹا کے لیے ان ایبل کرتے ہیں تو کوئی بھی (واٹس ایپ بھی) اس تک رسائی حاصل نہیں کرسکتا۔
اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے واٹس ایپ سیٹنگز میں جاکر چیٹس اور پھر چیٹ بیک اپ آپشن پر کلک کریں۔
وہاں اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ بیک اپ پر کلک کرکے اسے ان ایبل کر دیں۔
مگر واٹس ایپ کے اپنے کلاؤڈ اسٹوریج میں تمام ڈیٹا بائی ڈیفالٹ اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ ہوگا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ واٹس ایپ کی جانب سے 50 جی بی کلاؤڈ اسٹوریج کی سہولت ایک ڈالر ماہانہ میں فراہم کی جائے گی۔
جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ ابھی اس فیچر کی آزمائش بیٹا ورژن میں کی جا رہی ہے تو یہ کہنا مشکل ہے کہ اسے تمام صارفین کے لیے کب تک متعارف کرایا جائے گا۔


























Leave a Reply