سلہٹ: پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹر بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ہم ٹیم کی حیثیت سے یہی سوچتے ہیں کہ ہر سیریز، ہر میچ اور ورلڈ کپ میں اچھا کرنا ہے، کوئی بھی اس مائنڈ سے نہیں جاتا کہ ہم نے اچھا نہیں کرنا یا ہم نے نہیں جیتنا۔
بنگلادیش کے خلاف سلہٹ میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہاکہ پچ بہت اچھی ہے ، بال عمدگی سے بیٹ پر آ رہا ہے لیکن ہم پارٹنر شپ نہیں بنا سکے۔
بابر اعظم نے کہا کہ میں نے اور سلمان آغا نے پارٹنر شپ کی کوشش کی ، آغاز اچھا رہا لیکن بدقسمتی پارٹنر شپ میں ناکام رہے۔ ناہید رانا ریڈ بال کرکٹ کا ایک فاسٹ بولر ہے ، ہر ٹیم کے پاس 140 کی اسپیڈ سے اوپر کے بولرز ہوتے ہیں اور بیٹرز ان کو ہینڈل کرنے کوشش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے نیچرل گیم کھیلنے کی پوری کوشش کی لیکن بعض اوقات آپ رنز کرتے ہیں اور بعض اوقات نہیں۔
بابر نے بتایا کہ اننگز کا ٹرننگ پوائنٹ میری اور سلمان علی آغا کی وکٹ ہے، ان 2 وکٹوں کی وجہ سے گیم کا مومینٹم تبدیل ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم مسلسل کرکٹ کھیل رہے ہیں، کسی قسم کی کوئی دماغی رکاوٹ نہیں ہے ، بس ہم پلان کے مطابق پارٹنر شپ نہیں بناپارہے۔ ٹیسٹ میچ میں دو تین اچھی پارٹنر شپ کی ضرورت ہوتی ہے، بیٹنگ یونٹ کو ذمہ داری لینا پڑے گی اور پارٹنر شپ لگانی پڑے گی۔
بابر نے کہا کہ ایک وکٹ گرنے کے بعد دو تین وکٹیں گر جاتی ہیں اور پھر سنبھل نہیں پاتے، اس پر کام کرنا ہو گا ہم سب سوچ رہے ہیں کہ اس کو کیسے بہتر کر سکتے ہیں ،ہم ایک دوسرے سے بات کر رہے ہیں، کوچز ایک دوسرے سے بات کر رہے ہیں اگر کوئی رکاوٹ ہے تو اس کو ختم کی کوشش ہو رہی ہے۔
بابر اعظم نے بتایا کہ ہم ٹیم کی حیثیت سے یہی سوچتے ہیں کہ ہر سیریز، ہر میچ اور ورلڈ کپ میں اچھا کرنا ہے، کوئی بھی اس مائنڈ سے نہیں جاتا کہ ہم نے اچھا نہیں کرنا یا ہم نے نہیں جیتنا، ہر کسی کی کوشش یہی ہوتی ہے کہ وہ پازیٹو کرے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں غلطیاں کم سے کم کرنی ہیں یہی ہم سب کے لیے اچھا ہے ۔
واضح رہے کہ سلہٹ میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی ٹیم اپنی پہلی اننگز بنگلادیش کے 278 رنز کے جواب میں 232 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔بابر اعظم 68 ، سلمان آغا 21 اور محمد رضوان 13 رنز بناسکے۔
بنگلادیش نے دوسری اننگز میں میچ کے دوسرے روز کے کھیل کے اختتام تک 3 وکٹ کے نقصان پر 110 رنز اسکور کرلیے اور اس کو پاکستان پر مجموعی طور پر 156رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔


























Leave a Reply