واٹس ایپ میں ایک ایسا فیچر صارفین کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے جس کا مطالبہ کافی عرصے سے کیا جا رہا تھا۔
WABetaInfo کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے واٹس ایپ کے نئے بیٹا (beta) ورژن میں سائن آؤٹ فیچر متعارف کرایا گیا ہے۔
اس فیچر سے صارفین اپنے اکاؤنٹ، چیٹس یا محفوظ ڈیٹا کو ڈیلیٹ کیے بغیر ایپ سے سائن آؤٹ ہوسکیں گے۔
یہ واٹس ایپ میں ایک بہت نمایاں تبدیلی ہوگی جس سے صارفین کے لیے عارضی طور پر واٹس ایپ سے سائن آؤٹ ہونے میں مدد ملے گی اور ایپ یا ڈیٹا ڈیلیٹ کیے بغیر اس پر دوبارہ لاگ ان ہوسکیں گے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ برسوں سے واٹس ایپ میں روایتی سائن آؤٹ کا آپشن ہی دستیاب نہیں تھا۔
ابھی صارفین واٹس ایپ سے لاگ آؤٹ نہیں ہوسکتے بلکہ انہیں پوری ایپ کو ہی ڈیلیٹ کرنا پڑتا ہے اور پھر دوبارہ انسٹال کرکے لاگ ان کا پورا عمل دہرانا پڑتا ہے۔
یہ نیا فیچر صارفین کے اس درد سر کو ختم کر دے گا۔
اس نئے فیچر کے بعد جب بھی کوئی صارف ایپ سے سائن آؤٹ کرے گا تو واٹس ایپ کی جانب سے چیٹ ہسٹری، اسٹور ڈیٹا اور اکاؤنٹ تک رسائی کی تفصیلات کو برقرار رکھا جائے گا، جس سے ایپ پر لاگ ان ہونے کا عمل بہت آسان اور تیز رفتار ہو جائے گا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ لاگ آؤٹ آپشن اکاؤنٹ سیٹنگز میں موجود ہوگا اور اس پر کلک کرنے ایک مختصر تصدیقی عمل کو مکمل کرنا ہوگا۔
تصدیقی عمل مکمل ہونے پر ڈیوائس میں اکاؤنٹ لاگ آؤٹ ہو جائے گا مگر مواد ڈیلیٹ نہیں ہوگا، جس سے بعد میں آپ آسانی سے دوبارہ سائن ان ہوسکیں گے۔
جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ یہ فیچر ابھی بیٹا ورژن میں سامنے آیا ہے تو یہ کب تک تمام صارفین کو دستیاب ہوگا، ابھی یہ کہنا مشکل ہے۔


























Leave a Reply