مشرق وسطیٰ میں جنگی صورتحال کے منفی اثرات سے پاکستان میں کاروباری اعتماد متاثر ہوکر رہ گیا، 70 سے80 فیصد اداروں نے سرمایہ کاری کے فیصلےمؤخرکردیے۔
اوور سیز چیمبر آف کامرس نے نیا سروے جاری کردیا، سروے کے مطابق ملک میں مجموعی کاروباری اعتماد ،22 فیصد سے 13 فیصد ہوگیا، کاروباری اعتماد میں سب سے زیادہ کمی خدمات کے شعبے میں دیکھی گئی جو 20 پوائنٹس کم ہو کر 14 فیصد رہ گیا۔
مینوفیکچرنگ میں کاروباری اعتماد 7 پوائنٹس کم ہوا، اس کے برعکس ریٹیل سیکٹر میں کاروباری اعتماد 3 پوائنٹس اضافے سے 20 فیصد ہوگیا۔
ادھر اپسوس پاکستان نے ‘کنزیومر کانفیڈنس سروے کی سہ ماہی رپورٹ’ بھی جاری کردی۔
رپورٹ میں ملکی معیشت کو مضبوط کہنے والوں کی شرح 3فیصد کمی کے بعد 20 فیصد ، جبکہ کمزور کہنے والوں کی شرح 5 فیصد اضافےسے 65 فیصد پر دیکھی گئی۔
سروے میں ملکی سمت سے غیر مطمئن افراد کی شرح 18 فیصد اضافے سے 78 فیصد جبکہ مطمئن افراد کی شرح 40 فیصد سے 22 فیصد پر نظر آئی، مستقبل میں ملکی معیشت میں بہتری کےلیے پُرامید افراد کی شرح میں بھی کمی آئی۔
ملک کے اہم مسائل کے سوال پر 78 فیصد نے مہنگائی، 59فیصد نے بیروزگاری جبکہ 34 فیصد نے غربت پر توجہ دلائی جبکہ 26 فیصد نے بجلی کے نرخوں میں اضافے اور ٹیکسوں کے بڑھتے ہوئے بوجھ پر پریشانی کا اظہار کیا اور حکومت سے ان کے حل کا مطالبہ کیا۔


























Leave a Reply