کینسر دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والا ایسا مرض ہے جو ہر سال لاکھوں اموات کا باعث بنتا ہے۔
اب ماہرین نے جوان افراد میں کینسر کے بہت تیزی سے پھیلنے کی بڑی وجہ دریافت کی ہے اور وہ ہے موٹاپا۔
یہ بات سوئیڈن میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
سوئیڈن کی Lund یونیورسٹی ی تحقیق میں 6 لاکھ سے زائد افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا جن کے وزن کو 4 دہائیوں تک مسلسل چیک کیا گیا تھا۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ 30 سال کی عمر سے قبل جسمانی وزن میں اضافے سے کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ 5 گنا تک بڑھ جاتا ہے۔
اس سے قبل بھی تحقیقی رپورٹس میں جسمانی وزن اور کینسر کے درمیان تعلق کو دریافت کیا گیا ہے۔
مگر اس نئی تحقیق میں یہ دیکھا گیا کہ کس عمر میں جسمانی وزن میں اضافہ کینسر کا خطرہ بڑھاتا ہے۔
تحقیق میں شامل افراد کے جسمانی وزن کا جائزہ 17 سے 60 سال کی عمر تک لیا گیا۔
محققین نے بتایا کہ اگر جسمانی وزن میں زیادہ اضافہ ہوتا ہے تو کینسر کا خطرہ بھی نمایاں حد تک بڑھ جاتا ہے مگر معتدل وزن میں بھی یہ موذی مرض آسانی سے آپ کو شکار بنا سکتا ہے۔
تحقیق کے مطابق جن مردوں کا جسمانی وزن 30 سال کی عمر سے قبل بڑھتا ہے ان میں جگر کے کینسر کا خطرہ 5 گنا، آنتوں اور گردوں کے کیسنر کا خطرہ دوگنا جبکہ colon کینسر کا خطرہ 58 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔
اسی طرح جن خواتین کا جسمانی وزن 30 سال کی عمر سے قبل بڑھتا ہے، ان میں آنتوں، جگر اور دیگر اقسام کے کیسنر کا خطرہ نمایاں حد تک بڑھ جاتا ہے۔
اس تحقیق کے نتائج یورپین کانگریس آف اوبیسٹی کی سالانہ کانفرنس کے موقع پر پیش کیے گئے۔
اس سے قبل جون 2023 میں سوئیڈن کی Uppsala یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ موٹاپے کے شکار افراد میں کینسر کا امکان زیادہ ہوتا ہے اور جسمانی وزن میں اضافے سے خواتین میں اس جان لیوا مرض کا خطرہ بہت زیادہ بڑھ جاتا ہے۔
تحقیق میں موٹاپے اور کینسر کے درمیان تعلق کی جانچ پڑتال کی گئی جبکہ مردوں اور خواتین میں خطرے کی شرح کا جائزہ لیا گیا۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ جسم کے مختلف حصوں میں چربی کے جمع ہونے کا عمل کینسر کے خطرے میں کردار ادا کرتا ہے، مگر خطرے کی شرح مردوں یا خواتین میں مختلف ہو سکتی ہے۔
محققین کے مطابق اس تحقیق کا مقصد جسم میں چربی کے اجتماع اور کینسر کے درمیان تعلق پر روشنی ڈالنا تھا اور ہم نے دریافت کیا کہ جنس، جسمانی چربی کی مقدار اور دیگر عوامل دونوں صنفوں میں بیماری کے خطرے کی شرح پر اثرانداز ہوتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جسم کے مختلف حصوں میں چربی کا اجتماع کینسر کا خطرہ بڑھانے والا اہم پہلو ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پیٹ اور کمر کے اردگرد چربی کی مقدار بڑھنے سے کینسر کی مختلف اقسام سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔
اس تحقیق کے دوران 37 سے 73 سال کی عمر کے 5 لاکھ افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی۔
ان افراد کی صحت کا جائزہ اوسطاً 13 سال تک لیا گیا جس کے دوران جسمانی چربی کی مقدار اور کینسر کی تشخیص کی شرح کا موازنہ بھی کیا گیا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ کینسر کی لگ بھگ تمام اقسام سے متاثر ہونے کا خطرہ موٹاپے کے باعث بڑھ جاتا ہے۔
محققین نے تسلیم کیا کہ تحقیق کچھ حوالوں سے محدود تھی اور اس حوالے سے مزید تحقیقی کام کی ضرورت ہے۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل سیل میں شائع ہوئے۔


























Leave a Reply