چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نےکہا ہےکہ تمام اندرونی و بیرونی چیلنجز کے مدمقابل ‘بنیان مرصوص’ کی مانند یکجا کھڑے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کی زیر صدارت 275 ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مادروطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہریوں کو خراج عقیدت پیش کیا اورکہا کہ شہدا کی لازوال قربانیاں ہمیشہ پاکستان کی قومی سلامتی، اتحاد اور استقامت کی بنیاد بنی رہیں گی۔
دہشتگرد نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے اور ان کے معاون انفرا اسٹرکچر کی تباہی کی جائیگی:کور کمانڈرز کانفرنس
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نےکہا کہ دہشت گرد نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے اور ان کے معاون انفرا اسٹرکچر کی تباہی کی جائےگی، پاکستان کی سرزمین کو کسی بھی شرانگیز کارروائی سے روکنے کے لیے موجودہ آپریشنل رفتار برقرار رکھی جائے گی۔ فورم نے آپریشن غضب للحق کے ذریعے دہشت گردوں اور ان کے معاون انفرااسٹرکچرکی مسلسل تباہی کا احاطہ کیا۔
فورم نےکہا کہ افغان طالبان رجیم کی غیرمنطقی اورگمراہ کن پالیسی کے تحت خوارج اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کوپناہ گاہیں فراہم کی جارہی ہیں، افغان طالبان رجیم کی دہشت گردی کو سپورٹ افغان عوام کے مفادات کے مکمل برعکس ہے، افغان طالبان رجیم اب اپنے عوام کے سامنے پوری طرح بے نقاب ہوچکا ہے۔
فورم کا کہنا تھا کہ افغان طالبان رجیم مسلسل پروپیگنڈا کے تحت پاکستان پرافغانستان کے اندر شہریوں کو نشانہ بنانےکا جھوٹا الزام لگارہا ہے، یہ گمراہ کن بیانیہ افغان طالبان رجیم کی ایک منظم ڈس انفارمیشن مہم کا حصہ ہے، اس مہم کا مقصد اپنی اندرونی ناکامیوں سے توجہ ہٹانا اور خود کو مظلوم پیش کرنے کا ڈرامہ رچانا ہے۔پاکستان واضح کرتا ہے کہ ہماری دفاعی کاروائیاں صرف دراندازوں، دہشت گردوں کے خلاف ہیں، ہماری کاروائیاں دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور معاون انفرااسٹرکچرکےخلاف درست اہداف پر مبنی ہیں، ابھرتی ہوئی جیو پولیٹیکل پیشرفت علاقائی استحکام پرگہرا اثر ڈال سکتی ہیں۔
پاکستان مسلسل ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئےخطے میں استحکام کے فروغ کی حمایت کرتا ہے، کور کمانڈر کانفرنس
آئی ایس پی آر کے مطابق کورکمانڈرز کانفرنس میں علاقائی کشیدگی سے بچاؤ اور تحمل اختیار کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ فورم کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلسل ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئےخطے میں استحکام کے فروغ کی حمایت کرتا ہے، پاکستان صورتحال کو مزید خراب ہونے سے روکنے کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے، خطہ میں امن اوراستحکام کا دارومدارباہمی تحمل، ذمہ داری اورخودمختاری کے احترام پرمبنی ہے۔
فورم کا کہنا تھا کہ قومی سطح پرمعرکہ حق کی یاد منانا بھارتی متکبرانہ سیاسی سوچ کے لیے واضح پیغام ہے، بھارتی متکبرانہ سیاسی سوچ کو واضح پیغام ہےکہ پاکستانی قوم متحد، مضبوط اور ہر لحاظ سے مکمل طور پر تیار ہے۔
فورم نےمقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری مظالم، ماورائے عدالت قتل اور آبادیاتی تبدیلیوں کی شدید مذمت کی، فورم نے مقبوضہ کشمیرکے عوام کی منصفانہ جدوجہد کے لیے پاکستان کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز نے کمانڈروں کو ہدایت کی ابھرتے ہوئے خطرات کے پیش نظر مستعدی اور آپریشنل تیاری کی اعلیٰ سطح کو برقرار رکھیں۔ چیف آف ڈیفنس فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت کے تسلسل اور مربوط ردِعمل کے لیے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ آرمی چیف نے روایتی و غیر روایتی دونوں نوعیت کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
معرکہ حق عوام، حکومت اور افواج کے درمیان غیر متزلزل ہم آہنگی کی علامت ہے، فیلڈ مارشل
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے معرکہ حق کا یادگار سال مکمل ہونے پر قوم اور مسلح افواج کو مبارک باد پیش کی، فیلڈ مارشل نے معرکہ حق کو ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔
فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ معرکہ حق قومی اتحاد، اجتماعی عزم اور پاکستان کی خودمختاری کی ہر قیمت پر تحفظ کے غیر متزلزل عہد کی عکاسی کرتا ہے، معرکہ حق عوام، حکومت اور افواج پاکستان کے درمیان غیر متزلزل ہم آہنگی کی علامت ہے، تمام اندرونی و بیرونی چیلنجز کے مدمقابل ‘بنیان مرصوص’ کی مانند یکجا کھڑے ہیں۔
چیف آف ڈیفنس فورسز نے مسلح افواج کی تیاری، پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی صلاحیتوں پر اطمینان کا اظہار کیا، چیف آف ڈیفنس فورسز نے انسداد دہشت گردی کارروائیوں میں کمانڈرز اور فارمیشنز کے عزم، مستعدی اورکامیابی کو سراہا۔


























Leave a Reply