ٹرمپ انتظامیہ کے کچھ افراد نے امریکی کرنسی چھاپنے والے ادارے پر دباؤ ڈالا ہے کہ 250 ڈالر کا نیا نوٹ تیار کیا جائے جس پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر شامل ہو۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے امریکی کرنسی چھاپنے والے ادارے کے 4 موجودہ اور سابق ملازمین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایسا ہوتا ہے تو یہ 150 سال سے زائد عرصے میں پہلی بار ہوگا کہ کسی زندہ شخصیت کی تصویر امریکی کرنسی پر شائع کی جائے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال سے وزارت خزانہ کے دو عہدیدار برینڈن بیچ اور ان کے سینئر مشیر مائیک براؤن بیورو آف اینگریونگ اینڈ پرنٹنگ کے عملے کو بار بار اس نوٹ کے نمونے تیار کرنے پر زور دیتے رہے۔
ادارے کے ملازمین کا کہنا ہے کہ اس اقدام نے کچھ خدشات کو جنم دیا ہے کیونکہ موجودہ وفاقی قانون کے تحت صرف مرحوم شخصیات کی تصاویر ہی کرنسی پر چھاپی جا سکتی ہیں۔
اس سلسلے میں برینڈن بیچ نے اگست اور ستمبر میں ادارے کے عملے کو مجوزہ نوٹ کے ڈیزائن بھی فراہم کیے جن میں ایک خاکہ ایسا تھا جس میں 250 ڈالر کے نوٹ کے وسط میں صدر ٹرمپ کی تصویر دکھائی گئی تھی جبکہ اس کے اطراف صدر اور وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کے دستخط شامل تھے۔
اس ڈیزائن کے تخلیق کار برطانوی مصور آئین الیگزینڈر نے واشنگٹن پوسٹ کو بتایا کہ انہوں نے اس حوالے سے خود صدر ٹرمپ سے بات کی تھی۔
آئین الیگزینڈر کے مطابق ٹرمپ نے ان کے اصل ڈیزائن میں کچھ تبدیلیوں کی بھی حمایت کی جن میں امریکی پرچم کے رنگ شامل کرنا اور ملک کے قیام کی 250ویں سالگرہ کی یاد میں ایک لوگو شامل کرنا بھی شامل ہے۔


























Leave a Reply