غزہ جانے والے فلوٹیلا کے 6 کارکنوں کی اسرائیلی حراست سے رہائی کے بعد اسپین واپسی کے موقع پر جھڑپوں میں پولیس نے فلوٹیلا پر تشدد کا نشانہ بنایا۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق واقعہ شمالی اسپین کے شہر بلباؤ کے ائیرپورٹ پر اس وقت پیش آیا جب کارکنوں کے حامیوں کی بڑی تعداد ائیرپورٹ کے ہال میں ان کے استقبال کے لیے جمع ہوئی۔
رپورٹس کے مطابق جب ایک کارکن کے رشتہ دار نے ان سے ملنے کی کوشش کی تو ایک پولیس اہلکار نے اسے سختی سے روک دیا جس پر دونوں جانب سے جھڑپیں شروع ہو گئیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ائیرپورٹ پر موجود پولیس اہلکاروں نے لاٹھیوں کا استعمال کرتے ہوئے فلوٹیلا کارکنوں اور ان کے استقبال کے لیے موجود افراد کو نشانہ بنایا، کچھ افراد کو زمین پر گرا دیا گیا اور بعض کو گھسیٹا گیا۔
علاقائی پولیس فورس ’ارٹزائنٹزا‘ کے بیان کے مطابق 4افراد کو گرفتاری میں مزاحمت اور پولیس اہلکاروں پر حملے کے الزامات میں گرفتار کیا گیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’ائیرپورٹ پر پیش آنے والے واقعے کے بعد ارٹزائنٹزا کے داخلی امور کے شعبے نے تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا پولیس اہلکاروں کا طرز عمل قواعد و ضوابط کے مطابق تھا یا نہیں‘۔
سرکاری نشریاتی ادارے ٹی وی ای کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں اسرائیلی حراست سے رہا ہونے والے 2 فلوٹیلا کارکنان بھی شامل ہیں۔


























Leave a Reply