شارجہ: قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے آئی ایل ٹی 20 میں اپنے پہلے ہی میچ میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈیزرٹ وائپرز کو شارجہ واریئرز کے خلاف 6 وکٹوں سے فتح دلادی۔
بابر اعظم نے شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے میں صرف 51 گیندوں پر 86 رنز اسکور کئے جس میں 13 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔
شاندار پرفارمنس پر بابر اعظم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ان کے 13 چوکوں نے آئی ایل ٹی 20 کی تاریخ میں ایک اننگز میں سب سے زیادہ چوکے لگانے کا نیا ریکارڈ بھی بنادیا۔
View this post on Instagram
اس سے قبل یہ اعزاز علیشان شرفو کے پاس تھا جنہوں نے 2024 میں 11 چوکے لگائے تھے۔ بابر نے 31 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی اور جارڈن کلارک کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 82 رنز کی شراکت قائم کی۔
شارجہ واریئرز کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 166 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی جس کے جواب میں ڈیزرٹ وائپرز نے 17.3 اوورز میں ہدف حاصل کرلیا۔
یہ دفاعی چیمپئن ڈیزرٹ وائپرز کی رواں سیزن میں پہلی کامیابی ہے۔ ٹیم اب 25 نومبر کو دبئی کیپیٹلز کے مدمقابل ہوگی۔
Source: پاکستان



