کراچی کے علاقے کورنگی میں شادی کی تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ کرنے اور نوٹ نچھاور کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
شہر قائد کے علاقے کورنگی ناصر جمپ کے قریب شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کی گئی اور اس دوران باراتیوں نے نوٹوں کی بارش بھی کی۔
ویڈیو میں نامعلوم افراد کو ہوائی فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
پولیس موبائل کی موجودگی میں بھی ہوائی فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا، ویڈیو میں پولیس موبائل بھی واضح طور پر دیکھی جاسکتی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کی شناخت کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ یکم نومبر کو شادی تقریبات میں ہوائی فائرنگ کرنے پر پولیس نے ایک دو نہیں بلکہ 6 دولہا گرفتار کیے تھے۔
پابندیوں کے باوجود شادی تقریبات میں ہوائی فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ متعدد بار یہ جشن منانے کا یہ انداز کئی گھروں کی زندگیوں کے چراغ بجھا چکا ہے مگر اب تک اس خطرناک عمل کو مکمل طور پر روکا نہیں جا سکا ہے۔
پشاور میں گزشتہ روز شادی کی تقریبات میں ہوائی فائرنگ کے واقعات ہوئے تاہم اس بار ہوائی فائرنگ دولہاؤں کو مہنگی پڑ گئی تھی۔
پولیس نے ہوائی فائرنگ کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک دو نہیں بلکہ 6 دولہا اور چار دیگر افراد کو گرفتار کیا تھا۔
