پاکستان ہو یا بھارت فلم انڈسٹری میں چربہ فلمیں بنائے جانے یا کہانی اور موسیقی کے سرقہ کیے جانے کی باتیں ہم سنتے رہے ہیں۔ ایک زمانہ تھا جب پاکستان میں بھی فلم انڈسٹری اپنا عروج دیکھ رہی تھی اور ایسے الزام یا دعوے فلمی جرائد یا اخبار کی زینت بنتے تھے جن سے کسی فلم پروڈیوسر، مصنف، مکالمہ نگار یا موسیقار کی شہرت اور ساکھ متاثر ہوسکتی تھی۔ اسی طرح بھارتی فلم نگری میں بھی یہ سب ہوتا رہتا تھا۔ ایسے کسی واقعہ پر فلم فیڈریشن کو شکایت کرنے کے علاوہ عدالت میں مقدمہ بھی دائر کیے جاتے رہے ہیں۔ ایک مقدمہ بھارتی فلم رائٹر اور مکالمہ نویس عمر خیام سہارنپوری نے بھی بھگتا جس میں ان کو عدالت میں ثابت کرنا پڑا کہ وہ جس کہانی کے مصنّف ہونے کا دعویٰ کررہے ہیں، وہ واقعتاً انہی کی ہے اور فلمی دنیا کی ایک مشہور اور کام یاب شخصیت جھوٹ اور غلط بیانی سے کام لے رہی ہے۔
شفیق احمد افسانہ نگار، صحافی اور اسکرپٹ رائٹر ہی نہیں، بھارتی فلم انڈسٹری میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے طور پر بھی کام کرتے رہے۔ یہ اس زمانہ کی بات ہے جب فلمیں بنانا شوق سے زیادہ جنون ہوا کرتا تھا۔ تفریح کے ساتھ ساتھ فلم سازی ایک فن اور بامقصد و تعمیری کام سمجھا جاتا تھا۔ اس دنیا میں شہرت و مقبولیت کے ساتھ ساتھ فن کاروں کے درمیان رومانس، دوستیاں، رنجشیں، دشمنی اور جھگڑے سبھی کچھ ہوتا رہا جو شفیق احمد نے بہت قریب سے دیکھا۔ وہ قلم کار تو تھے ہی، اپنے مشاہدات اور واقعات کو بھی بڑی خوبی سے کتاب فلم نگری کا اندھیرا اجالا میں بیان کردیا۔ یہ ایسا ہی ایک قصّہ ہے جس میں فلم رائٹر عمر خیام سہارنپوری، پرسن کپور اور مشہور فلمی ہیرو جتیندر آپس میں الجھے اور بات عدالت تک پہنچی۔
شفیق احمد اس قصّے کا آغاز یوں کرتے ہیں: میری خواہش تھی کہ کہانی کی چوری کے ایسے قصّے پر مضمون لکھوں جس نے فلم انڈسٹری میں سب سے زیادہ ہنگامہ برپا کیا ہو۔ لہٰذا اس بات کی آگاہی حاصل کرنے کے لیے میں دادر میں فلم رائٹر ایسوسی ایشن کے دفتر گیا اور دریافت کیا کہ کون سا کیس وہاں سب سے زیادہ دنوں تک چلا۔ آفس انچارج نے بتایا کہ عمر خیام سہارنپوری کی سب سے زیادہ کہانیاں چوری ہوئی ہیں اور فلم دیدارِ یار سے متعلق جتیندر اور ہدایت کار سے ایچ ۔ ایس ۔ رویل پر عمر خیام سہارنپوری کا دائر کیا ہوا کیس بہت دنوں تک چلا۔ فلم رائٹرز ایسوسی ایشن سے یہ کیس فلم فیڈریشن آف انڈیا میں پہنچا اور پھر ہائی کورٹ میں۔
عمر خیام صاحب نے مجھے وقت دیا تو میں سلمٰی آغا کے بنگلے پر پہنچ گیا جہاں وہ ایک اسکرپٹ لکھنے میں مصروف تھے۔ باتوں کا سلسلہ شروع ہوا تو انہوں نے بتایا کہ وہ سلمیٰ کا سیریل ”حسن و عشق“ لکھ رہے ہیں اور یہ کمرہ انہیں یکسوئی سے لکھنے کے لیے دیا گیا ہے۔ میں نے اپنے سوالوں کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے عمر خیام صاحب سے کہا۔ خیام صاحب! آپ نے جتیندر کپور کی فلم کمپنی ترپتی پکچرز اور ڈائریکٹر ایچ۔ ایس۔ رویل پر فلم رائٹرس ایسوسی ایشن میں ایک کیس دائر کیا تھا کہ انہوں نے آپ کی ایک کہانی پر فلم دیدارِ یار بنا ڈالی ہے۔ جہاں تک مجھے معلوم ہے، دیدارِ یار تو خود ایک پاکستانی فلم انجمن کی کہانی کو توڑ مروڑ کر بنائی گئی تھی۔ میں اپنا جملہ پورا بھی نہ کر پایا تھا کہ خیام صاحب کچھ تلخ لہجے میں مجھ سے مخاطب ہوئے۔ یہ کیا اناپ شناپ باتیں کررہے ہیں آپ؟ آپ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ ” دیدار یار کسی پاکستانی فلم کی نقل ہے؟ کیا آپ نے وہ پاکستانی فلم دیکھی ہے؟“
نہیں میں نے وہ فلم تو نہیں دیکھی، لیکن پاکستان کے ایک فلمی رسالے میں یہ خبر ضرور پڑھی تھی کہ ” دیدارِ یار پاکستانی فلم انجمن کی کہانی کو توڑ مروڑ کے بنائی گئی تھی۔“ میں نے کہا۔ عمر خیام صاحب بولے۔ دیکھیے، میں آپ کو دیدارِ یار کی کہانی کی کہانی سناتا ہوں۔ مجھے کہانیاں لکھنے کا چسکا 14 برس کی عمر میں ہی لگ گیا تھا، لیکن میں ان کہانیوں کو اشاعت کے لیے نہیں بھیجتا تھا۔ 15 سال کی عمر میں میں نے ایک طویل کہانی سلمیٰ لکھی تھی۔ اس کہانی کا موضوع تھا شادی، طلاق اور حلالہ۔ اُس 200 صفحوں کی لمبی کہانی کو لکھ کر مجھے ایسا محسوس ہوا کہ اب میرے قلم میں روانی آگئی ہے۔ اُن دنوں بمبئی سے ایک رسالہ مصور “ شائع ہوتا تھا جس کے ایڈیٹر آغا خلش کاشمیری تھے۔ سعادت حسن منٹو بھی کبھی اس رسالے کے ایڈیٹر رہ چکے تھے۔ اس رسالے کی ایک خاص بات یہ تھی کہ اس میں لمبی کہانیاں سلسلہ وار بھی شائع ہوتی تھیں۔ اس لیے میں نے سلمٰی، آغا خلش کا شمیری صاحب کے پاس مصور میں اشاعت . کے لیے بھیجی تھی۔ کافی انتظار کے بعد مجھے ان کا خط ملا تھا۔ ” آپ کی کہانی موصول ہوئی ۔ کچھ مجبوریوں کی وجہ سے ہم اسے اپنے رسالے میں شائع تو نہ کر سکیں گے، لیکن اپنے کچھ فلمی دوستوں کو ضرور سنائیں گے اور کوشش کریں گے کہ اس پر فلم بن سکے۔ اگر اس کہانی پر فلم بنے تو آپ کو کوئی اعتراض تو نہ ہوگا؟ میں نے فوراً آغا خلش کا شمیری صاحب کو خط لکھا کہ اس کہانی پر فلم بنے تو یہ بات میرے لیے باعث مسرت ہوگی۔
شمع کے مدیر اعلیٰ حاجی یوسف دہلوی صاحب آغا خلش کاشمیری کے گہرے دوستوں میں سے تھے۔ یوسف دہلوی صاحب جب بمبئی آتے تھے تو ان کا زیادہ تر وقت آغا خلش کاشمیری صاحب کے ساتھ ہی گزرتا تھا۔ ایک بار یوسف دہلوی صاحب بمبئی تشریف لائے تو آغا خلش صاحب نے وہ کہانی یوسف دہلوی صاحب کو پڑھنے کے لیے دی۔ وہ کہانی انہیں بہت پسند آئی اور انہوں نے آغا خلش صاحب کے سامنے یہ تجویز رکھی کہ اگر اس کہانی پر فلم بنائی جائے تو وہ اس فلم کو مناسب فائنانس کر دیں گے اور شمع کے ذریعہ اس کی خوب پبلسٹی بھی کریں گے۔ آغا خلش کاشمیری فلم ساز ایچ۔ ایس کواترا کے بھی گہرے دوست تھے۔ خود کواترا صاحب کے بھی یوسف دہلوی صاحب سے بہت اچھے تعلقات تھے۔ کواترا صاحب اس کہانی پر فلم بنانے کو اور یوسف دہلوی صاحب اس فلم کے ورلڈ رائٹ کنٹرولر بننے کو تیار ہو گئے۔ ایم۔ صادق ڈائریکٹر لیے گئے جو چودھویں کا چاند اور تاج محل کی ریلیز کے بعد مسلم سماجی فلموں کے ماہر سمجھے جاتے تھے۔ یوسف دہلوی صاحب کی خواہش پر ہیروئن کے لیے مینا کماری کو لیا گیا تھا۔ ان سب تیاریوں میں ایک سال گزر گیا۔
مجھے کواترا صاحب نے سہارن پور سے بمبئی بلایا اور کہا کہ مجھے وہ کہانی اپنی زبانی مینا کماری کو سنانی ہوگی۔ میں نے مینا کماری کو کہانی سنائی تو اُن کے منہ سے نکلا۔ واہ! کیا کہانی ہے۔ کمال صاحب نے تو 18 برس کی عمر میں پکار لکھی تھی، آپ تو 16 برس کی عمر میں ہی سلمیٰ لکھ کر فلم انڈسٹری میں اپنا نام پیدا کرنے جا رہے ہیں۔ کواترا صاحب نے مجھے اس کہانی کا معقول معاوضہ دیا۔ میں نے بیچ میں ٹوک کر کہا۔ کیا وہ معقول معاوضہ ہم بھی جان سکتے ہیں؟“ عمر خیام صاحب نے بتایا۔ اس وقت میں نے کہانی، منظر نامہ اور مکالموں کے لیے تیس ہزار کا مطالبہ کیا اور کواترا صاحب نے مجھ سے تیس ہزار کا ہی معاہدہ کیا۔ اُن دنوں ایک نئے رائٹر کے لیے یہ بہت بڑی رقم تھی۔
منظر نامہ اور مکالمے لکھنے کے بعد ایم۔ صادق صاحب اور میں بمبئی آگئے۔ کواترا صاحب نے فلم کے لیے باقی اداکار سائن کیے اور پھر یکم جولائیچ 1964ء بروز بدھ کو سوا دس بجے مہا لکشمی ریس کورس کے پاس فیمنس اسٹوڈیو میں فلم کا مہورت ہوا جس میں آغا خلش کاشمیری صاحب اور یوسف دہلوی صاحب نے بھی شرکت کی تھی۔ ہوا یہ کہ سلمیٰ کی چھ ریل بننے کے بعد اس فلم پر گردش کے بادل چھانے شروع ہو گئے تھے۔ فلم کے ڈائریکٹر ایم۔ صادق صاحب کی ذاتی زندگی میں کچھ دشواریاں پیدا ہو گئی تھیں جن کا ذکر کرنا میں نہیں چاہوں گا۔ پھر یہ افواہ پھیلی کہ ایم۔ صادق صاحب لاپتہ ہو گئے ہیں۔ اس کے بعد یہ خبر اڑی کہ صادق صاحب ہندوستان چھوڑ کر پاکستان چلے گئے ہیں۔ میں ان سب باتوں کو افواہ ہی سمجھتا رہا۔ میرا خیال تھا کہ صادق صاحب اپنے کسی کام سے باہر چلے گئے ہیں اور کچھ دن بعد واپس آجائیں گے۔ میں کچھ دن کے لیے اپنے وطن سہارنپور چلا گیا۔ وہاں مجھے ایم۔ صادق صاحب کا خط ملا۔ جس میں مختصری تحریر تھی۔
عمر خیام صاحب! میں اپنے حالات زندگی سے بہت زیادہ تنگ آکر خودکشی کرنے کے بجائے ہندوستان میں اپنا سب کچھ چھوڑ کر بس یہ تنہا جان اور آپ کی فلم سلمیٰ کی کہانی کی اسکرپٹ اپنے ساتھ لے کر ہمیشہ کے لیے پاکستان آ گیا ہوں۔ زندہ رہا تو اس کہانی پر پاکستان میں فلم بناؤں گا۔ اگر خود نہ بنا سکا تو یہ کہانی کسی دوسرے کو فلم بنانے کے لیے دے دوں گا۔“
ایم۔ صادق صاحب کا یہ خط پڑھ کر میری آنکھوں میں آنسو آگئے۔ میں بمبئی آکر کواترا صاحب سے ملا تو معلوم ہوا کہ صادق صاحب اسکرپٹ کی اصل کاپی تو چھوڑ گئے ہیں، لیکن کاربن کاپی اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔ ایم۔ صادق صاحب کے اس طرح اچانک پاکستان چلے جانے سے آغا خلش کاشمیری صاحب، کواترا صاحب اور یوسف دہلوی صاحب کو اور ہم سب کو بہت افسوس ہوا۔ فلم کے باقی کام کو مکمل کرنے کے لیے کواترا صاحب نے ایچ۔ ایس۔ رویل صاحب کو ڈائریکٹر لیا۔ رویل صاحب کو ڈائریکٹر لینے سے مجھے بہت خوشی ہوئی کیونکہ میں رویل صاحب کو بہت قابل ڈائریکٹر سمجھتا تھا، سمجھتا ہوں اور آئندہ بھی سمجھتا رہوں گا۔ انہوں نے میرے محبوب جیسی ہٹ فلم بنا کر یہ ثابت کر دیا تھا کہ مسلم معاشرے کی فلم بنانے میں وہ کسی طرح بھی ایم۔ صادق صاحب سے کم نہیں ہیں۔
فلم کو دوبارہ شروع کرنے کی تیاریاں شروع کی گئیں لیکن بہت سے مسئلوں پر کواترا صاحب اور ایچ ۔ ایس ۔ رویل صاحب میں اتفاق رائے نہ ہو سکا اور پھر بات آگے نہ بڑھ سکی۔ ایک دن کواترا صاحب نے مجھے بلا کر کہا۔ ”خیام صاحب، میں اپنی کچھ مجبوریوں کی وجہ سے یہ فلم نہیں کر پاؤں گا۔ میرا اور یوسف دہلوی صاحب کے روپیوں کا جو نقصان ہو گیا ہے، وہ تو پورا نہیں ہو سکے گا۔ آپ یہ کہانی کسی دوسرے پروڈیوسر کو دے دیں اور اس سے آپ کو فائدہ ہو تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہوگا، بلکہ خوشی ہوگی۔ آج سے آپ کی اس کہانی پر میرا کوئی کلیم (دعویٰ) نہیں رہے گا۔
فلم سلمیٰ کی پبلسٹی سے مجھے دوسری فلمیں بھی لکھنے کو مل گئی تھیں اور کچھ فلموں کے مکالمے لکھنے کا کام بھی مل گیا تھا۔ گویا میں نے پوری طرح فلم رائٹر کا پیشہ اختیار کر لیا تھا۔ کافی عرصہ دوسری کہانیاں لکھنے میں گزر گیا۔ 1978ء میں خیام صاحب سے بی۔ آر۔ چوپڑا صاحب کے داماد اچانک رابطہ کرتے ہیں اور ان کی اسی کہانی پر فلم بنانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہیں۔ خیام صاحب خوش ہوکر دو لاکھ روپے معاوضہ طلب کرتے ہیں مگر ان کو تین لاکھ روپے دینے کی آفر ہوتی ہے۔ اسی دن تحریری معاہدہ بھی ہوجاتا ہے۔ بات یہیں ختم نہیں ہوتی بلکہ عمر خیام صاحب کو اس واقعہ کے چار دن بعد ہی پروڈیوسر ڈائریکٹر ساون کمار ٹاک اپنے دفتر میں بلا کر اسی کہانی پر فلم بنانے کی خواہش ظاہر کردیتے ہیں جس پر عمر خیام بتاتے ہیں کہ چار دن پہلے ہی وہ کہانی راج تلک کو بامعاوضہ سونپ چکے ہیں۔
اپنے مضمون میں شفیق احمد لکھتے ہیں کہ عمر خیام اس کہانی کی یوں پذیرائی پر خوش تو تھے، اور ان کی جیب بھی بھاری ہوچکی تھی، مگر پھر ایک اور موڑ آتا ہے۔ عمر خیام نے ان کو بتایا کہ اس کے کچھ دن بعد ہی مجھے راج تلک کی طرف سے ایک نوٹس ملا۔ خیام صاحب! آپ نے اپنی کہانی پرسن کپور کو بھی بیچی ہے اور مجھے بھی۔ آپ نے ایک ہی کہانی دو پروڈیوسروں کو بیچ کر نہایت غیر اخلاقی حرکت کی ہے۔ پرسن کپور تو اپنے بھائی جتیندر کو ہیرو، ریکھا کو ہیروئن اور ایچ ۔ ایس۔ رویل کو ڈائریکٹر لے کر اپنی فلم دیدارِ یار آدھی بنا بھی چکے ہیں۔ فلم کی تیاری پر میرا بھی کافی سرمایہ لگ چکا ہے۔ آپ سے گزارش ہے کہ آپ میرا روپیہ ایمان داری اور شرافت سے واپس کر دیں، ورنہ میں آپ کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے سے بھی پیچھے نہیں ہٹوں گا۔ اس نوٹس کو پڑھ کر میں حیران رہ گیا۔ اس کے ساتھ سارا قصہ بھی میری سمجھ میں آگیا۔ کواترا صاحب نے فلم سلمٰی میں ایم ۔ صادق کی جگہ ایچ۔ ایس۔ رویل کو ڈائریکٹر بنا لیا تھا۔ اس وقت رویل صاحب کے ہاتھوں میں سلمیٰ کا اسکرپٹ جا چکا تھا۔ لہٰذا ایچ ۔ ایس ۔ رویل صاحب نے وہ کہانی پرسن کپور کو اپنی کہانی بتا کر بیچ دی تھی اور انہوں نے اس پر فلم دیدارِ یار شروع کر دی تھی۔
شفیق احمد خیام صاحب کی زبانی جو کچھ معلوم ہوا، اسے مزید یوں بیان کرتے ہیں کہ بعد میں خیام صاحب نے جتیندر سے مل کر ساری صورت حال بتائی کہ اس پر پہلے فلم سلمیٰ بن رہی تھی جسے اب وہ اپنے بھائی پرسن کپور کے ساتھ مل کر دیدارِ یار کے نام سے بنارہے ہیں اور رویل صاحب نے ان کی کہانی کو اپنی لڑکی کے نام سے انہیں بیچ دیا ہے۔ اس کے علاوہ رویل صاحب نے اسکرین پلے میں اپنا نام رکھا ہے اور مکالمے ڈاکٹر راہی معصوم رضا لکھ رہے ہیں۔ اس پر جب جتیندر اور پرسن کپور نے رویل صاحب سے بات کی تو وہ اڑ گئے کہ کہانی تو ان کی لڑکی نے ہی لکھی ہے اور اسی کے نام سے فلم رائٹرز ایسوسی ایشن میں رجسٹرڈ بھی ہے۔ جتیندر اور پرسن کپور کے لیے مشکل ہوگیا کہ ان میں سے سچا کون ہے۔ دوسری طرف عمر خیام نے خود کو سچا ثابت کرنے کے لیے ترپتی پکچرز اور ڈائریکٹر ایچ ۔ ایس ۔ رویل کے خلاف فلم رائٹرز ایسوسی ایشن میں کیس دائر کر دیا۔ پیشی ہوئی تو ثبوت دیے کہ فلم کی کہانی کب لکھی گئی تھی اور فلم سلمیٰ کا مہورت کس سنہ میں ہوا تھا جب کہ رویل صاحب کی لڑکی کے نام سے اس کے کوئی چودہ سال بعد اسکرپٹ رجسٹرر کروایا گیا تھا۔ اراکین نے دونوں کہانیاں پڑھیں اور ان میں یکسانیت پائی تو تیسری پیشی پر جب مخالف پارٹیوں کی طرف سے کوئی حاضر نہ ہوا تو فلم رائٹرز ایسوسی ایشن کی متعلقہ کمیٹی کے اراکین نے عمر خیام سہارنپوری کے حق میں فیصلہ دیا اور ہدایت کی کہ اس پر خیام صاحب کا نام دیا جائے اور ایک مہینے کے اندر اندر ان کو اس کا معاوضہ بھی دیا جائے۔ مگر ترپتی پکچرز نے اس پر عمل نہیں کیا اور تب وہ کیس فلم فیڈریشن آف انڈیا کو بھیج دیا گیا۔ یہ معاملہ طول پکڑ گیا کیوں کہ دوسری جانب سے ایک چال چلی گئی۔ عمر خیام کا کیس فیڈریشن میں آیا تو دوسری جانب سے فلم کا کلائمکس بدل کر تیزی سے شوٹنگ مکمل کر لی گئی اور یوں اس فلم کو جو اب دیدارِ یار کے نام سے بنائی جارہی تھی، عمر خیام سہارنپوری کی سلمٰی کی کہانی سے کچھ الگ کرلیا لیکن فیڈریشن نے ان سے ٹرائل شو دیکھنے کا مطالبہ کردیا۔ اس پر عمل نہ ہوا تو ایک مرتبہ پھر فیڈریشن کا خیام صاحب کے ہی حق میں فیصلہ آیا جس میں ان کا نام دینے کے علاوہ معاوضہ جاری کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ لیکن پروڈیوسر نے یہ بات بھی نہ مانی۔ تب فلم فیڈریشن نے شوٹنگ روکنے کا پروانہ جاری کردیا۔ اس وقت تک فلم کی شوٹنگ مکمل ہو چکی تھی اور فلم ایڈیٹنگ کے آخری مراحل سے گزر رہی تھی۔ اس پر فیڈریشن نے ایک اور حکم دیا کہ فلم کی ایڈیٹنگ روک دی جائے اور اسے بھی پروڈیوسر خاطر میں نہ لایا تو فیڈریشن کے حکم پر پوری فلم انڈسٹری نے ایک دن کی ہڑتال کی اور اس دن کسی بھی اسٹوڈیو میں کوئی شوٹنگ نہیں ہوئی۔ دراصل فلم کے پروڈیوسر پرسن کپور اور جتیندر کے لیے یہ پروانے ان کی شان کے خلاف تھے اور انہوں نے فلم فیڈریشن کے فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ میں کیس دائر کردیا۔
عمر خیام نے مصنّف کو بتایا کہ اب اس کیس سے متعلق سب افراد کے لیے یہ وقار کا مسئلہ بن گیا تھا۔ فلم رائٹرز ایسوسی ایشن اور فلم فیڈریشن کے ممبروں کے سامنے بھی اپنی عزت کو برقرار رکھنے کا مسئلہ تھا۔ سب اس بات پر ناراض تھے کہ پروڈیوسر نے فیڈریشن کے خلاف ہائی کورٹ میں کیس کیوں دائر کیا، جب کہ فلم انڈسٹری کی روایت رہی ہے کہ سارے فلمی جھگڑے فلم انڈسٹری کی ایسوسی ایشن کی معرفت ہی طے ہونے چاہئیں۔ جب ہائی کورٹ میں کیس کی شنوائی ہوئی تو پروڈیوسر نے اس وقت کے مشہور وکیلوں کی خدمات حاصل کیں۔ فلم رائٹرز ایسوسی ایشن اور فلم فیڈریشن نے بھی میری پیروی کے لیے نامور وکیل رکھے۔ میری حمایت میں رائٹر ستیش بھٹناگر، عزیزی قیسی، رنجن بوس اور چندر شیکھر نے اپنے بیانات دیے۔ میں نے فلم ”سلمیٰ کی رجسٹرڈ کاپی اور مہورت کے دعوت نامے کی زیروکس کاپی عدالت میں پیش کی۔
ڈائریکٹر ایچ ۔ ایس ۔ رویل صاحب نے عدالت میں فلم کے اسکرین پلے رائٹر اور ڈائریکٹر کی حیثیت سے اپنا تعارف کرایا۔ جج نے ہدایت کی کہ ہم دونوں وہ کہانی اپنی زبانی عدالت کو سنائیں۔ رویل صاحب وہ کہانی عدالت کو ٹھیک طرح سنا ہی نہ سکے۔ جب کہ میں نے وہ مکمل کہانی، منظر نامہ اور مکالموں کے ساتھ بھری عدالت میں روانی کے ساتھ سنا ڈالی۔ عدالت میرے اس انداز بیان سے بہت زیادہ متاثر ہوئی۔ عدالت نے فلم دیدارِ یار اور فلم سلمٰی کی چھ ریل دیکھنے کا مطالبہ کیا۔
پرسن کپور فلم دیدار یار عدالت کو دکھانے کو تیار نہیں تھے، جب کہ فیڈریشن نے یہ فیصلہ کر لیا تھا کہ چاہے کتنے ہی روپے خرچ ہو جائیں، فلم سلمیٰ کی چھ ریلیں لیبارٹری میں سے ڈھونڈ کر عدالت کو ضرور دکھائی جائیں گی۔ ایک دن ایچ ۔ ایس ۔ رویل میرے گھر پر آئے۔ میں گھر پر نہیں تھا۔ وہ گھر پر پیغام چھوڑ کر چلے گئے تھے کہ جتیندر صاحب نے مجھے اپنے آفس میں بلایا ہے۔ اگلے دن میں ترپتی پکچرز کے دفتر گیا۔ جہاں پرسن کپور، جتیندر اور ان کے والد اور رویل صاحب بھی موجود تھے۔ انہوں نے میرے سامنے یہ تجویز رکھی کہ وہ کہانی کا معاوضہ دینے کو تیار ہیں، لیکن نام کے لیے مجھے اپنی ضد چھوڑ دینی چاہیے۔ میں نے یہ دلیل پیش کی کہ آپ مجھے معاوضہ اس لیے دینے کو تیار ہیں کہ یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ اصل کہانی میری ہے اور جب کہانی میری ہے تو پھر اس میں میرے نام کی جگہ کسی دوسرے کا نام کیوں ہو؟ انہوں نے کہا کہ وہ سوچ کر جواب دیں گے۔
اب چوں کہ فلم کمپنی عدالت میں پھنس چکی تھی تو پرسن کپور اور جتیندر نے یہ معاملہ نمٹانے میں عافیت جانی۔ عمر خیام صاحب نے شفیق احمد کو انجام یہ بتایاکہ آخر وہ دن بھی آیا جب ہائی کورٹ نے فیصلہ میرے حق میں سنایا کہ فلم میں کہانی کار کی حیثیت سے عمر خیام سہارنپوری کا نام بھی دیا جائے اور ان کو اس کا پورا معاوضہ بھی دیا جائے۔ پرسن کپور فلم کی ریلیز کی تاریخ مقرر کر چکے تھے، اور لیبارٹری سے مختلف شہروں کے لیے پرنٹ روانہ بھی کیے جا چکے تھے۔ عدالت کی ہدایت پر سب شہروں کے لیے خصوصی ایڈیٹر بذریعہ ہوائی جہاز، ریل یا بس سے بھیجے گئے تاکہ فلم کے پرنٹ میں کہانی کار کی جگہ وہ میرا نام بڑھا سکیں اور پھر پرسن کپور نے میرے معاوضے کا چیک فلم رائٹرز ایسوسی ایشن میں بھیجا۔ مجھے معلوم نہیں کہ پاکستانی فلم انجمن کی کہانی کیا ہے؟ اگر پاکستان کی کسی فلم سے میری کہانی کی کوئی بات ملتی بھی ہوگی تو میں یہ کہوں گا کہ ایم۔ صادق صاحب میری کہانی کی ایک کاپی اپنے ساتھ پاکستان لے گئے تھے اور انہوں نے کہا تھا کہ وہ پاکستان میں اس پر فلم بنائیں گے یا کسی کو بنانے کو دے دیں گے۔ کہانی کی تفصیل سے اب تو آپ کو اتنا یقین ہوہی گیا ہوگا کہ دیدار یار میری کہانی پر بنائی گئی تھی، نہ کہ کسی پاکستانی فلم کی کہانی پر۔
فلم پر خیام صاحب کا نام کہانی کار کے طور پر دیا گیا مگر اس جھگڑے اور عدالتی چکر سے نکل کر پردے پر سجنے والی یہ فلم ناکام ثابت ہوئی۔
