اردن نے اپنی سمندری حدود میں داخل ہونے والے ایک اسرائیلی کو گرفتار کر لیا۔
اردنی فوج نے اتوار کے روز بتایا کہ بحری افواج نے ایک ایسے اسرائیلی شہری کو گرفتار کیا ہے جو گزشتہ روز مملکت کی سمندری حدود میں داخل ہو گیا تھا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ رائل نیوی کمانڈ نے کل ایک اسرائیلی کو گرفتار کیا جو سمندری راستے سے اردن کی حدود میں داخل ہو گیا تھا۔
بیان کے مطابق بحری دستوں نے ایک شخص کو دیکھا جو اسرائیلی جانب سے (اردن کی) سمندری حدود میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا کہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر دستے بھیجے گئے، جہاں گھسنے والے شخص کو حراست میں لے کر متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا گیا۔
اس واقعے یا اس کے مقام کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں، تاہم امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ واقعہ مملکت کے جنوب میں واقع خلیج عقبہ میں پیش آیا۔
دریں اثنا، اسرائیلی فوج نے بتایا کہ انہیں ایک ایسی اطلاع موصول ہوئی ہے جس کے مطابق ”ایک اسرائیلی شہری سمندری راستے سے اسرائیلی علاقے سے اردنی حدود میں داخل ہو گیا ہے۔“
فوج نے مزید کہا کہ ”اس شہری کو اردنی سکیورٹی فورسز نے حراست میں لے لیا ہے۔ تب سے، اسرائیلی سکیورٹی حکام اس کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ ذرائع سے رابطے میں ہیں۔“
