(15 نومبر 2026): وزیر دفاع خواجہ آصف نے اہم بیان دیا ہے کہ پاکستان کا سیاسی منظر نامہ تیزی سے تبدیل ہوگا، نئے صوبوں پر اتفاق رائے پیدا کیا جا رہا ہے اس میں زیادہ دیر نہیں لگے گی۔
نجی نیوز چینل پر گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا کہ نئے صوبے پر اتفاق رائے پیدا کرنے کا سلسلہ کچھ ہفتوں سے جاری ہے، اگر اتفاق رائے پیدا ہوا اور نئے صوبے بنے تو ملک کا سیاسی منظر نامی تبدیل ہوگا، نیا انتظامی اسٹرکچر بنتا ہے تو کسی کو سیاسی طور پر ہراساں محسوس ہونے کی ضرورت نہیں، سیاسی مزاج اور منظر نامے میں تبدیلیاں آتی رہتی ہیں یہ کوئی مستقل چیز نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: میرا خیال ہے کہ پاکستان میں بھی انتظامی یونٹس بنائے جائیں، خواجہ آصف
خواجہ آصف نے کہا کہ آپ کس طرح چیزیں فریز کر کے رکھ سکتے ہیں؟ سیاستدانوں نے خود ایسی صورتحال بنا دی ہے، اگر 18ویں آئینی ترمیم کی روح پر عملدرآمد ہوتا تو یہ صورتحال نہ ہوتی، میں کسی کو ذمہ دار نہیں ٹھہرا رہا کیونکہ یہ ہماری مجموعی غفلت ہے۔
نیا سال نیا نظام دیکھے گا
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ میرا خیال ہے کہ نیا سال نیا نظام دیکھے گا، 2026 میں کچھ نہ کچھ اس کی صورت نکل آئے گی، ابھی نیا سال شروع ہونے میں ڈیڑھ مہینہ باقی ہے، اتفاق رائے کی ضرورت ہے چاروں صوبوں کی لیڈرشپ کو آن بورڈ لیا جا رہا ہے، جو پارٹی پارلیمنٹ میں یا پارلیمنٹ میں نہیں ہے سب کو آن بورڈ لیا جا رہا ہے۔
عمران خان کو مشورہ
خواجہ آصف نے کہا کہ بحیثیت سیاسی ورکر عمران خان کو مشورہ دیتا ہوں کہ اس چیز پر اختلاف نہیں کرنا چاہیے، ان کا نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے معاملے پر کوئی بنیادی اختلاف نہیں، اگر وہ راضی ہو جائیں تو ان کیلیے سیاست میں واپس آنے کیلیے سنہری موقع ہوگا، ان کیلیے Window of Opportunity موجود رہے گی۔
قمر جاوید باجوہ کی ایکسٹینشن
انہوں نے کہا کہ سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کی ایکسٹینشن کے موقع پر سوچ تبدیل ہوئی اور پھر (ن) لیگ کیلیے راستہ نکلا، نواز شریف نے لندن میں میٹنگ بلائی، مجھے انہوں نے لندن میٹنگ میں ایک ذمہ داری دی، اُس وقت کی اسٹیبشلمنٹ عمران خان کی لائی ہوئی تھی۔
’اُس وقت سمجھا گیا یہ اصول پرستی والی بات نہیں، میٹنگ میں اتفاق رائے ہوا کہ کوئی نہ کوئی راستہ نکالے گا، ہمیں اسپیس ملی اور پھر گیم میں ہم واپس آگئے، میٹنگ میں یہ بھی اتفاق ہوا کہ کوئی راستہ نکل سکتا ہے تو نکلنا چاہیے، ہم نے پریکٹیکل سیاست کی اور عمران خان کو بھی یہی کرنا چاہیے۔‘
آصف علی زرداری اور محسن نقوی کی ملاقات
صدر مملکت سے وفاقی وزیر داخلہ کی ملاقات کے حوالے سے وزیر دفاع نے کہا کہ بہت لوگوں نے کہا کہ آصف علی زرداری اور محسن نقوی کی ملاقات میں سیاسی بات نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ صدر مملکت کی وزیر اعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات ہوئی، میرا اندازہ ہے کہ ملاقات میں سندھ میں جو آوازیں آ رہی ہیں اس پر بات کی گئی۔
