چار ملکی ڈائمنڈ جوبلی فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں پاکستان نے افغانستان کو 0-2 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
مالدیپ میں کھیلےگئے میچ کے 24 ویں منٹ میں پاکستان کے شائق دوست نے ایک شاندار کک کے ذریعے گول کرکے پاکستان کو برتری دلائی۔ اس گول نے دنیا بھر میں پاکستانی شائقین کے دل بھی جیت لیے۔
میچ کے آخری لمحات میں ہارون حامد نے ایک اور فیصلہ کن گول اسکور کرکے پاکستان کی فتح کو یقینی بنا دیا اور اسکور 0-2 کر دیا۔
پاکستان کی اس شاندار مہم کی سب سے بڑی خاص بات یہ رہی کہ پورے ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم کے خلاف ایک بھی گول اسکور نہ ہو سکا جو ٹیم کے مضبوط دفاع کی علامت ہے۔
یہ فتح پاکستان فٹبال کی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے،کیونکہ یہ قومی ٹیم کا پہلا باقاعدہ بین الاقوامی ٹورنامنٹ ٹائٹل ہے۔
اس سے قبل 1952 کے سیلون کپ میں پاکستان نے بھارت کے ساتھ مشترکہ طور پر ٹائٹل جیتا تھا، جب کہ 1991 کے ساؤتھ ایشین گیمز میں قومی ٹیم نے سونے کا تمغہ حاصل کیا تھا تاہم وہ انفرادی فٹبال ٹورنامنٹ نہیں بلکہ ملٹی اسپورٹس ایونٹ تھا اس لیے مالدیپ میں حاصل یہ فتح اپنی نوعیت میں منفرد اور تاریخی ہے۔
پاکستان فٹبال فینز کا کہنا ہےکہ آج پاکستان نے صرف ٹائٹل نہیں جیتا بلکہ امید، اعتماد اور ایک نئے دورکی بنیاد رکھ دی ہے۔


























Leave a Reply