لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے میں کاروباری مراکز کے نئے اوقات مقرر کردیے جو فوری نافذ العمل ہوں گے۔
چیف سیکرٹری پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے میں کاروباری مراکز کے نئے اوقات کار گرمیوں میں دن کا دورانیہ اور درجہ حرارت بڑھنے کے پیش نظر مقرر کیے گئے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق دکانیں، بازار، شاپنگ مالز، ڈپارٹمنٹل اورکریانہ اسٹورز رات 9 بجے بند کیے جائیں گے جب کہ شادی ہالز، مارکیز اور تقریبات کے مقامات رات 10 بجے تک ہوں گے۔
اس کے علاوہ ریسٹورینٹس، سنیما گھر، فوڈ آؤٹ لیٹس ،پھل اور سبزی کی دکانیں رات 11 بجے تک کھولی جا سکیں گی جب کہ ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری سروسز اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔
میڈیکل اسٹورز، لیبارٹریوں، کلینکس اور اسپتالوں کو بھی نئے اوقات سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔
اسی طرح بیکریوں، تندوروں، دودھ اور ڈیری شاپس، پیٹرول پمپ، سی این جی اسٹیشن اور الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنوں پر بھی یہ پابندی لاگو نہیں ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جم، کھیلوں کی سہولیات، آئی ٹی کمپنیوں اور کال سینٹرز بھی نئے اوقاتِ کار سے مستثنیٰ ہوں گے ۔
تمام ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ نوٹیفکیشن پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
بلوچستان میں بھی کاروباری و تجارتی مراکز کی بندش سے متعلق نوٹیفکیشن جاری
دوسری جانب بلوچستان حکومت نے بھی صوبے میں کاروباری و تجارتی مراکز کی بندش سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
محکمہ نظم ونسق کی جانب سے صوبے میں کاروباری و تجارتی مراکز کے بندش سے متعلق نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی حکومت کی ہدایت کی روشنی میں صوبے کی دکانیں،مارکیٹس، شاپنگ مالز ، اسٹورز رات 9 بجے جب کہ شادی ہالز ،مارکیز اور دیگر تجاری مراکز رات 10 بجے بند کردیے جائیں گے.
اس کے علاوہ ریسٹورینٹس ،کیفے ،سبزیوں اور فروٹ شاپس رات 11 بجے بند ہوں گے۔
نوٹیفیکشن کے مطابق میڈیکل اسٹورز ،اسپتال ،لیبارٹریز ، سی این جی اسٹیشنز اور پیڑول پمپس بندش کے اوقات کار سے مستثنیٰ ہوں گے۔






















Leave a Reply