نیپال کرکٹ ٹیم کے اوپنر کوشل بھرتیل نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں ایک اوور میں 6 چھکے جڑ دیے اور چین کے خلاف اس میچ میں کئی ریکارڈز بن گئے۔
نیپال مینز کرکٹ ٹیم نے اتوار کو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کر دی۔ وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 2 مرتبہ 300 سے زائد رنز اسکور کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔
اتوار کو سنگاپور میں کھیلے گئے ایشین گیمز کوالیفائر میں نیپال نے چین کے خلاف مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں پر 313 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔اس اننگز میں مجموعی طور پر 29 چھکے شامل تھے۔
نیپال کے پہاڑ جیسے اسکور میں اوپنر کوشل بھرتیل کی دھواں دار بیٹنگ شامل تھی جنہوں نے صرف 43 گیندوں پر 129 رنز اسکور کیے۔ان کی اننگز میں 16 چھکے شامل تھے۔
کوشل بھرتیل کی اننگز کا سب سے یادگار لمحہ9 واں اوور تھا، جس میں انہوں نے چین کے اسپنر Chen Zhuo Yueکو ایک اوور میں 6 چھکے لگائے اور ایک ہی اوور میں 37 رنز بٹور لیے۔
کوشل بھرتیل ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں ایک اوور میں 6 چھکے مارنے والے چھٹے بیٹر ہیں۔
ان سے قبل بھارت کے یووراج سنگھ، ویسٹ انڈیز کے کیرون پولارڈ، نیپال کے دپندرا سنگھ، ساموا کے دیریس وائزر اور بلغاریہ کے منان بشیر یہ کارنامہ سر انجام دے چکے ہیں۔
نیپال کے چین کے خلاف 313 رنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں تیسرا سب سے بڑا اسکور ہے۔ زمبابوے 344 اور نیپال 314 رنز بناچکی ہے۔
چین کی ٹیم نیپال کے 314 رنز کے ہدف کے جواب میں صرف 92 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ یوں نیپال نے ایشین گیمز کوالیفائر میچ میں 221 رنز کے بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کرلی۔


























Leave a Reply