وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے گلگت بلتستان میں آزاد، شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے سپریم اپیلیٹ کورٹ گلگت بلتستان کے چیف جسٹس کو خط ارسال کر دیا۔
خط میں وزیر اعلیٰ نےکہا ہےکہ گلگت بلتستان میں انتخابی ماحول سے متعلق تشویشناک اطلاعات موصول ہو رہی ہیں جن کے مطابق ایک سیاسی جماعت کی انتخابی سرگرمیوں، جلسوں اور قیادت کی نقل و حرکت پر غیر ضروری پابندیاں عائدکی جا رہی ہیں۔
انہوں نے سیاسی کارکنوں اور رہنماؤں کی ہراسانی،گرفتاریوں اور قانونی سیاسی سرگرمیوں میں رکاوٹ ڈالنے کے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ ایسی صورتحال انتخابی عمل کی شفافیت اور ساکھ کو متاثر کرسکتی ہے۔
خط کے مطابق آئین پاکستان ہر سیاسی جماعت اور شہری کو آزاد، منصفانہ اور غیر جانبدار انتخابات میں شرکت کا حق دیتا ہے، جب کہ آئینی ضمانتوں اور جمہوری اصولوں سے انحراف نہ صرف آئین بلکہ جمہوری اقدار کی بھی خلاف ورزی ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے عدالت سے استدعا کی ہےکہ آزاد، شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کے انعقاد کے لیے متعلقہ اداروں کو ضروری ہدایات جاری کی جائیں، سیاسی کارکنوں اور جماعتی قیادت کے خلاف غیر قانونی ہراسانی اور گرفتاریوں کو روکا جائے، تمام سیاسی جماعتوں کو بلا رکاوٹ انتخابی مہم چلانےکی اجازت دی جائے اور انتخابی عمل کے دوران آئینی و جمہوری حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔
خط میں سہیل آفریدی نےکہا ہےکہ قانون کی حکمرانی، جمہوری اصولوں کے تحفظ اور عوامی اعتماد کی بحالی کے لیے عدالتی رہنمائی ناگزیر ہے۔


























Leave a Reply