وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نےکہا ہےکہ آج جو معاملہ ہوا سکیورٹی کی وجہ سے ہوا، اگر اسد قیصرکو روکنا ہوتا تو اس کے لیے اور بھی بہت طریقے تھے۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم نہیں چاہیں گےکہ گلگت میں انتخابات پرکوئی سوال اٹھے،کیونکہ اس وقت گلگت میں ہم آگے جارہے ہیں اور مسلم لیگ ن آسانی سے وہاں اکثریتی جماعت کے طور پر سامنے آئے گی۔
وزیر مملکت برائے داخلہ کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی ٹیم راولپنڈی میں ہے، اس لیے دونوں شہروں میں ہائی الرٹ ہے، راولپنڈی میں اس وقت ساڑھے 7 ہزار اہلکار ڈیوٹی دے رہے ہیں، اسلام آباد میں بھی پولیس کے علاوہ اتنے ہی لوگ وہاں ڈیوٹی دے رہے ہیں، سکیورٹی کی وجہ سے یہ صورتحال پیدا ہوئی، ہمارا مقصد کسی کو روکنا نہیں تھا۔
طلال چوہدری نےکہا کہ اگر کسی نے جہاز سے سفر کرنا ہو تو اور بھی طریقے ہیں کہ اس مسافر کو جہاز میں بیٹھنے سے روک دیا جائے، پی ٹی آئی خبروں میں آنے کے لیے اس طرح کے الزامات لگارہی ہے کیونکہ گزشتہ 7 دنوں میں وہ گلگت میں الیکشن کے حوالے سےکوئی خاص اثر نہیں ڈال سکے، الیکشن میں ممکنہ شکست کے حوالے سے یہ لوگ ابھی بھی بیانیہ بنانےکی کوشش کر رہے ہیں۔


























Leave a Reply