وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ نئے صوبوں پر ریفرنڈم زیادہ دور کی بات نہیں جلد ہوگا۔
پروگرام ’سوال یہ ہے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ آئین میں ریفرنڈم کی گنجائش موجود نہیں ہے، طریقہ کار بھی درج ہے اس میں کوئی شک نہیں، آئینی ترامیم کا بھی ذکر آئین میں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انتطامی یونٹ یا صوبے پورے ملک میں بنیں گے، فائنل صورت حال تمام لوگوں کے اتفاق رائے سے بنے گی، اس کے دور رس مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ صوبے کتنے ہوں گے، مجھےعلم نہیں لیکن لوگوں کی خواہش اور اتفاق رائے کے مطابق ہوں گے، میرے خیال میں ابھی تک کوئی دستاویز تیار نہیں ہوئی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر دفاع نے کہا کہ وفاق سے آنے والا پیسہ بلدیاتی اداروں تک پہنچنا چاہیے، 18ویں ترمیم پر بھنگڑا ڈالا جاتا رہا ہے کہ ہم نے تاریخ رقم کی ہے، آج بھی اس کا کریڈٹ لیا جاتا ہے لیکن اس کی روح تو نکال لی گئی ہے، سندھ یا پنجاب کی تقسیم کی باتیں درست نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نئے صوبوں سے متعلق آئینی ترمیم کا طریقہ کار بھی درج ہے، میں سمجھتا ہوں نئے صوبے پورے پاکستان میں بننے چاہئیں، یہ نہیں ہونا چاہیے کہ ایک صوبے کی تقسیم ہو دوسرے کی نہیں۔
۔
Source: پاکستان



