نیویارک: امریکا کی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکرو سافٹ نے اپنی سروسز میں بڑے پیمانے پر پیدا ہونے والے تعطل کے بعد ’کوڈ ریڈ‘ نافذ کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مائیکرو سافٹ نے اپنی سروس میں تعطل کی روک تھام اور ایسی صورتِ حال سے نمٹنے کے طریقہ کار میں بنیادی اصلاحات کے لیے کوڈ ریڈ مہم کا آغاز کیا ہے۔
کمپنی کے اندرونی مراسلوں میں کہا گیا ہے کہ 24 گھنٹے تک جاری رہنے والے ایک بڑے تعطل نے اس کے انجینئرنگ نظام اور بحرانی صورتِ حال سے نمٹنے کی صلاحیت میں موجود خامیوں کو بے نقاب کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا، جاپان اور امریکا سمیت مختلف ممالک کی حکومتیں 12 اور 13 نومبر کو پیش آنے والے اس تعطل سے متاثر ہوئیں، تجارتی اداروں کی سرگرمیوں میں تاخیر ہوئی اور فضائی کمپنیوں کے مواصلاتی نظام میں خلل پڑا۔
اس واقعے نے اہم ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے کے عدم تحفظ سے متعلق خدشات کو بھی مزید بڑھا دیا۔
مائیکرو سافٹ کی جانب سے اس حوالے سے واضح کیا گیا ہے کہ واقعے کا سائبر حملوں یا مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ایجنٹس سے کوئی لینا دینا نہیں۔
کمپنی نے اس تعطل کی وجہ ونڈوز میں موجود ایک ایسے تکنیکی نقص کو قرار دیا جو جولائی میں متعارف ہوا تھا اور اس کی بروقت نشاندہی نہیں ہو سکی تھی۔
اس خلل پر کمپنی کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) ستیہ ناڈیلا نے عوامی سطح پر معذرت بھی کی ہے۔
Source: پاکستان


