کراچی : ڈگری ہولڈرز نوجوانوں کے لئے انٹرن شپ پروگرام کا اعلان کردیا گیا، جس سے نوجوانوں کو عملی تجربہ اور کیریئر کے بہترین مواقع میسر آئیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے ڈگری ہولڈرز اور نوجوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے نومبر سے “آئی ورک فار سندھ” انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے اپنے بیان میں بتایا کہ انٹرن شپ پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو عملی تجربہ اور کیریئر کے بہترین مواقع میسر آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی اور ہنر مندی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، مارکیٹ کی جدید ضروریات کے مطابق نوجوانوں کو عملی مہارتیں اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے پر خصوصاً توجہ دی جائے گی۔
صوبائی وزیر نے انکشاف کیا کہ مختلف نامور کمپنیوں کے اشتراک سے ہنرمند افراد کے لیے فزیکل شارٹ کورسز کا اگلا مرحلہ جلد شروع کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 3 ماہ کے دوران 4,800 امیدوار مختلف کورسز کامیابی سے مکمل کر چکے ہیں اور اس وقت 6,000 امیدوار زیرِ تربیت ہیں۔
FOLLOW US ON ARY TUBE
نوجوانوں کی رہنمائی کے لیے کیریئر کونسلنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے، جس کے تحت ہر ہفتے 18 سے 20 کونسلنگ سیشنز منعقد کیے جا رہے ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے پورٹل کی کامیابی کے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا کہ “آئی ورک فار سندھ” پلیٹ فارم پر اب تک 53 لاکھ سے زائد وزٹس ریکارڈ کیے جا چکے ہیں جبکہ پورٹل پر رجسٹرڈ امیدواروں کی تعداد 1,37,770 تک پہنچ چکی ہے۔
پلیٹ فارم پر رجسٹرڈ کمپنیوں کی تعداد 726 ہو گئی ہے، جبکہ اس وقت 26,677 فعال ملازمتیں (Active Jobs) دستیاب ہیں۔
مختلف ملازمتوں کے لیے اب تک 4 لاکھ 80 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جو کہ اس پلیٹ فارم پر عوام کے اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔
Source: پاکستان



