(23 نومبر 2026): وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ کیا محسن نقوی قائد اعظم ہیں جو میں ان کی ذات اور افکار پر تبصرہ کروں گا؟
نجی نیوز چینل پر گفتگو میں رانا ثنا اللہ نے محسن نقوی کے گزشتہ روز دیے گئے بیان پر ردعمل دیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی ان کی ذات پر تبصرہ نہیں کیا، وہ بڑے شوق سے میرے متعلق تبصرہ فرمائیں۔
محسن نقوی نے نئے صوبوں کا معاملہ متنازع بنا دیا
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ محسن نقوی نے نئے صوبوں کا معاملہ مس ہینڈل کر کے متنازع بنا دیا، اپنی ناکامیوں پر ناراض ہونے کے بجائے ان کو انہیں تسلیم کرنا چاہیے، نئے صوبوں کا فیصلہ اب پارلیمنٹ میں ہوگا، میں نے ان کی کچھ باتوں پر اعتراض کیا اور ان سے اختلاف کیا، ان کی کارگزاری پر بطور کولیگ اور سیاسی کارکن بات کرنا میرا حق ہے، میں نے ان کا ذکر ہمیشہ عزت و احترام کے ساتھ کیا، میں نے ہمیشہ وزیر داخلہ کہہ کر مخاطب کیا کبھی چیئرمین پی سی بی نہیں کہا۔
انہوں نے کہا کہ محسن نقوی اب تک آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کو آن بورڈ کیوں نہیں لے سکے؟ مجھے دیگر وزرا اور محسن نقوی کی رائے کا احترام ہے مگر اپنی رائے رکھنے کا بھی حق ہے، انہوں نے تقریر میں وزیر اعظم شہباز شریف سے متعلق غیر متعلقہ ریمارکس دیے ان چیزوں پر اعتراض کیا، میں نے کہا کہ یہ معاملہ پارلیمنٹ میں آنا ہے اس پر اتفاق رائے کے بغیر آگے نہیں بڑھا جا سکتا، لیکن انہوں نے غیر متعلقہ باتیں کر کے یہ معاملہ الجھا دیا، اب یہ معاملہ متنازع ہو کر پارلیمنٹ میں آئے گا۔
سسٹم ناکام نہیں ہوا بلکہ اسے ناکام کیا گیا ہے
’محسن نقوی اس بحث کو لے کر چلے ہیں اب انہیں اس کی ذمہ داری لینی چاہیے۔ مجھ جیسا آدمی دھمکیوں سے ڈرنے والا نہیں ہے۔ اگر دلیل ہے تو شارٹ ٹیمپرڈ ہونے کی کیا ضرورت ہے؟ یہ جواب میں کہیں کہ یہ کر دوں گا وہ کر دوں گا بسم اللہ کریں جو کام آپ نے کرنا ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ سسٹم ناکام نہیں ہوا بلکہ اسے ناکام کیا گیا ہے۔ سسٹم کو ناکام کرنے میں سیاستدانوں اور دیگر کا عمل دخل ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کا اس وقت وزیر اعظم بننا نیک فال ثابت ہوا ہے، آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کہہ رہے ہیں کہ ہم سے کسی نے بات ہی نہیں کی تو پھر 4 ماہ آپ کرتے کیا رہے؟ میں نے صدر مملکت کو ایک سے زیادہ بار کہتے سنا کہ محسن نقوی میرے بیٹے ہیں، جب بھی ہم ایوان صدر گئے ہیں تو محسن نقوی وہاں موجود ہوتے ہیں۔
Source: پاکستان

