ٹیکساس: کراچی کے 19 سالہ رایان حبیب نے آئرن مین چیلنج مکمل کرکے تاریخ رقم کردی۔
کراچی کے 19 سالہ رایان حبیب احمد نے ٹیکساس کے شہر دی ووڈ لینڈز میں 226.3 کلومیٹر کا آئرن مین ٹرائیتھلون 15 گھنٹے، 20 منٹ اور 6 سیکنڈز میں مکمل کرکے آئرن مین چیلنج مکمل کرنے والے کم عمر ترین پاکستانی ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
آئرن مین دنیا کے سخت ترین مقابلوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
اس میں ایتھلیٹس کو بغیر کسی وقفے کے تین مقابلوں کو یکے بعد دیگرے مکمل کرنا ہوتا ہے جس میں 3.8 کلومیٹر کا کھلے پانی میں تیراکی، 180 کلومیٹر کی سائیکلنگ، اور 42.2 کلومیٹر کی مکمل میراتھون دوڑ شامل ہے۔
ٹیکساس میں ہونیوالا یہ ایونٹ نارتھ شور پارک سے شروع ہوا جہاں جھیل ووڈ لینڈز میں تیراکی کا مرحلہ تھا۔ جھیل کا درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، رایان نے تیراکی کا مرحلہ 1 گھنٹہ، 45 منٹ اور 36 سیکنڈز میں مکمل کیا۔
سائیکلنگ کے مرحلے میں ایتھلیٹس دی ووڈلینڈز کے کچھ حصے سے گزرے اور پھر شمالی ہیرس کاؤنٹی میں داخل ہوئے، جہاں انہوں نے ہارڈی ٹول روڈ پر دو چکر لگائے۔ رایان نے 180 کلومیٹر کی سائیکلنگ 7 گھنٹے، 27 منٹ اور 49 سیکنڈز میں مکمل کی۔
میراتھون دوڑ جھیل ووڈ لینڈز کے گرد3 چکروں پر مشتمل تھی، جو علاقے ہپی ہالو سے گزرتی ہے ۔رایان نے دوڑ کا مرحلہ 5 گھنٹے، 38 منٹ اور 57 سیکنڈز میں مکمل کیا۔
واٹر وے ایونیو پر فنش لائن عبور کرنے کے بعد اس نے پاکستان کا جھنڈا لہرایا اور جشن منایا۔
انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں رایان نے لکھا کہ وہ پاکستان کی تاریخ میں آئرن مین مکمل کرنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی ہیں، اور اسے اپنی زندگی کا مشکل ترین تجربہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ پاکستانی کھلاڑیوں کی نئی نسل کو متاثر کرنا چاہتے ہیں، اور یہ کہ سب کچھ ممکن ہے، خوابوں کا پیچھا کبھی نہیں چھوڑنا چاہیے۔
واضح رہے کہ 2026 کے آئرن مین ٹیکساس کا کٹ آف ٹائم 17 گھنٹے تھا۔


























Leave a Reply