کراچی: محکمہ موسمیات نے کل سے 12 جون تک شہر میں شدید گرمی کی پیشگوئی کی ہے۔
ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے جب کہ ہواؤں کی رفتار کم ہونےکےباعث گھٹن اور حبس محسوس کیاجاسکتا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ کل سے 12 جون کے دوران پارہ 39 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانےکاخدشہ ہے اور اس دوران محسوس کیا جانے والا درجہ حرارت 8 سے10 ڈگری سینٹی گریڈ زائد ہوسکتا ہے۔
ترجمان کے مطابق سمندری ہواؤں کےباعث نمی کاتناسب 50 فیصد سےکم نہیں ہورہا۔
احتیاطی تدابیر
ترجمان محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری احتیاطی تدابیرمیں کہا گیا ہے کہ زیادہ پسینہ آنےکے باعث جسم میں نمی کم ہونے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے لہٰذا شہری سر ڈھانپ کر رکھیں، پانی زیادہ پئیں اور صبح 10سے شام 4 کے دوران بلا ضرورت کھلے آسمان کے نیچے نہ جائیں۔
ترجمان کے مطابق بحرالکاہل میں ال نینو بن چکا ہے، آئندہ2 ہفتے میں معلوم ہوجائے گا کہ ہم ال نینو فیز میں داخل ہوچکے ہیں، اس فیز کے باعث پاکستان میں مون سون کی بارشیں کم ہوسکتی ہیں جب کہ سندھ میں بھی معمول سے کم بارشیں متوقع ہیں۔


























Leave a Reply