اسلام آباد : پمز سانحے کے دوران اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے ایک بچے کی جان بچانے والی نرس کے لیے وزیراعظم نے ستارہ خدمت اور نقد انعام کا اعلان کردیا۔
اسلام آباد میں خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے بچے کو بچانے والی نرس رضیہ نورین کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے اس کو ستارہ خدمت کے اعزاز سے نوازنے اور ایک کروڑ روپے انعام کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب میں نرس رضیہ نورین کو بچے کی جان بچانے پر خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ نرس رضیہ نورین نے کمال ذمہ داری اور بہادری کا بہترین ثبوت دیا، اپنی جان خطرے میں ڈال کر بچے کی جان بچانے والی نرس رضیہ نورین پر قوم کو فخر ہے، ایسے فرض شناس لوگوں کی جس قدر ستائش کی جائے کم ہے۔
پمز سانحہ : ایگزیکٹو ڈائریکٹر سمیت 8 افسران معطل، فوجداری کارروائی ہوگی
