جامعہ کراچی میں کسی بھی پروگرام، سیمینار یا تقریب کے انعقاد سے قبل وائس چانسلر سے پیشگی اجازت لینا لازمی قرار دے دیا گیا۔ یونیورسٹی آف کراچی کے رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر عمران احمد صدیقی نے ایک اہم نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
رجسٹرار آفس سے 23 اکتوبر 2026 کو جاری کردہ نوٹیفکیشن نمبر No.B/Estt.(T)/(Permission)/2026 کے مطابق یونیورسٹی کے تمام ڈینز، ڈائریکٹرز، چیئرپرسنز، انچارجز اور سیکشنل ہیڈز کو مطلع کیا گیا ہے کہ یونیورسٹی کے اندر کسی بھی پروگرام، سیمینار، کانفرنس، تقریب یا دیگر ایونٹ کے انعقاد کے لیے وائس چانسلر کی پیشگی منظوری بذریعہ رجسٹرار، یونیورسٹی آف کراچی حاصل کرنا لازمی ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ تمام متعلقہ شعبہ جات اپنی درخواست مجوزہ پروگرام کی تاریخ سے کم از کم 15 دن قبل مکمل تفصیلات، مقررہ پروفارمہ اور تمام متعلقہ معاون دستاویزات کے ساتھ جمع کروائیں۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ مجاز اتھارٹی سے بذریعہ رجسٹرار پیشگی منظوری حاصل کیے بغیر کوئی بھی پروگرام یا ایونٹ منعقد نہیں کیا جائے گا۔ کسی بھی وزیر، معزز شخصیت یا دیگر مہمان خصوصی کو دعوت نامے صرف رجسٹرار آفس، جامعہ کراچی کی جانب سے متعلقہ شعبہ / سیکشن کی طرف سے، مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بعد جاری کیے جائیں گے۔ محکمے / سیکشنز براہ راست ایسے مہمانوں کو دعوت نہیں دیں گے۔
ان ہدایات کی کسی بھی خلاف ورزی کو سنجیدگی سے دیکھا جائے گا اور متعلقہ یونیورسٹی قواعد و ضوابط کے تحت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ تمام متعلقہ افراد کو ان ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
