Preloader

اسلام آباد : وزیراعظم کی ہدایت پر پمز اسپتال آتشزدگی واقعے سے متعلق انکوائری کمیٹی کا نوٹی فکیشن جاری  کردیا گیا ہے۔

وزارت قومی صحت کو فوری طور پر انکوائری کمیٹی نوٹیفائی کرنے اور مکمل معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ریٹائرڈ وفاقی سیکرٹری شاہد خان کو انکوائری کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے، میجر جنرل (ر) ڈاکٹر خورشید اُترا، ڈاکٹر بیرسٹر نبیل اعوان، ڈی سی اسلام آباد کمیٹی میں شامل ہیں۔

اس کے علاوہ نوٹی فکیشن میں انکوائری کمیٹی کے ٹرمز آف ریفرنس شامل کیے گئے ہیں جس کے مطابق کمیٹی پمز اسپتال میں آگ لگنے کے سبب اور واقعے کی ٹائم لائن کا تعین کرے گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی متعلقہ اداروں کے فوری اور ہنگامی ردعمل اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لے گی، نومولود بچوں کی منتقلی، بالخصوص ہائی رسک نوزائیدہ بچوں کےانخلا کے ایس او پیز کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

مذکورہ کمیٹی پمز میں فائر سیفٹی انفراسٹرکچر اور حفاظتی ضوابط پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لینے کے ساتھ واقعے میں ملوث کسی بھی فرد کی ذمہ داری اور غفلت کا تعین بھی کرے گی۔

انکوائری کمیٹی کمیٹی مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے پمز اسپتال کے انتظامی نظام کیلئے اعلیٰ حکام کو سفارشات پیش کرے گی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ انکوائری کمیٹی 48 گھنٹے کے اندر فوری نوعیت کی سفارشات پر مشتمل عبوری رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرےگی۔

اس کے علاوہ انکوائری کمیٹی مکمل تحقیقات اور قابلِ عمل سفارشات پرجامع رپورٹ 5روز میں وزیراعظم کو پیش کرے گی۔

واضح رہے کہ وفاق کے زیرانتظام پمزاسپتال کے نرسری وارڈ میں خوفناک آتشزدگی سے 15 نومولود جاں بحق پوگئے۔ اپنے بچوں کی جلی ہوئی لاشیں دیکھ کر والدین غم سے نڈھال ہیں۔

اسلام آباد: پمز اسپتال کی نرسری میں آگ لگنے سے 15 نومولود بچے جاں بحق

ایک خاتون نے روتے ہوئے بتایا کہ آگ لگنے سے پہلے ہی نرسری وارڈ پر تالے لگے ہوئے تھے، ڈاکٹرز اور عملہ بھی موجود نہیں تھا، صرف بچے جلے لیکن عملے کے کسی ملازم کو کچھ نہیں ہوا، اسپتال کی بھی ہر چیز ٹھیک ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *