کراچی: پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) کی فرنچائز پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ پشاور زلمی کی فائنل تک رسائی میری وجہ سے نہیں، سب کی مشترکہ محنت ہے۔
منگل کو پی ایس ایل سیزن 11کے کوالیفائر میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو با آسانی 70 رنز سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنائے۔ بابر اعظم 59 گیندوں پر 103 رنز بناکر نمایاں رہے۔
جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 151 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
میچ کے بعد پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لیے کافی اہم میچ تھا ، کراؤڈ کی موجودگی کو کافی انجوائے کیا ، کراچی کے گراؤنڈ سے میری بہت یادیں وابستہ ہیں۔
بابر اعظم نے کہا کہ پلیئر کے ساتھ اپ اینڈ ڈاؤن چلتا رہتا ہے، ہر دن ایک جیسا نہیں ہوتا، کبھی کبھار آپ وہ حاصل نہیں کرسکتے جو چاہتے ہیں، میں اپنی محنت پر یقین رکھتا ہوں ، وقت کے ساتھ ساتھ آپ بہت کچھ سیکھتے ہیں ، آپ جب گر کر واپس آتے ہیں تو کافی اچھا محسوس کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کبھی جب کچھ تبدیل نہیں کر پاتے تو کوشش ہوتی کہ پہلے جیسا کریں ، میں نے اپنی ویڈیوز دیکھ کر بھی سمجھنے کی کوشش کی کہ میں کہا غلط کر رہا ہوں ، کبھی کبھی ایک چیز ٹھیک کرنے کیلئے آپ کی پوری بیٹنگ تبدیل ہو جاتی ہے۔
بابر اعظم نے کہا کہ میری ہٹنگ پہلے بھی ایسی تھی ، اب اسکا رزلٹ بہتر آ رہا ہے، میری کوشش ہوتی کہ کرکٹ پر فوکس رکھوں اور میچز جتاؤں ۔پشاور زلمی کی یہاں تک رسائی میری وجہ سے نہیں، سب کی مشترکہ محنت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگ کہتے رہے ہیں کہ میں میچز نہیں جتواتا ، میں ریکارڈ پر توجہ نہیں دیتا ، میرے لیے ہر دن ایک نیا دن ہوتا ہے ۔پی ایس ایل سے قبل میں نے یہی سوچا کہ نارمل کرکٹ کھیلنا ہے، میں نے یہی سوچا کہ میں جیسا کھیلتا ہوں ویسا کھیلوں۔


























Leave a Reply