چین کے شہر ثانیہ میں جاری ایشین بیچ گیمز میں ریسلنگ کے مقابلوں میں پاکستان کے پہلوانوں کی شاندار کارکردگی کے باعث 2 میڈلز یقینی ہوگئے۔
پاکستان کے ریسلر انعام بٹ اور اسداللہ ایشین بیچ گیمز میں ریسلنگ کے مقابلوں میں فائنل میں پہنچ گئے۔
ایشین بیچ گیمز میں پاکستان ریسلنگ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ 80 کلوگرام کیٹیگری میں اسد اللہ نے کوارٹر فائنل میں روایتی حریف بھارت جبکہ سیمی فائنل میں میزبان چین کے پہلوان کو زیر کرتے ہوئے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔
90کلوگرام کیٹیگری میں انعام بٹ نے کوارٹر فائنل میں بحرین جبکہ سیمی فائنل میں منگولیا کے حریف کو ہرا کر فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔
فائنل میں دونوں پہلوانوں کا مقابلہ ایرانی حریفوں سے ہوگا۔
دوسری جانب 70 کلوگرام کیٹیگری میں محمد عبداللہ کو سیمی فائنل میں بھارتی پہلوان سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ محمد عبداللہ برانز میڈل کے لیے کرغزستان کے پہلوان کے خلاف میدان میں اتریں گے۔
پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری انعام بٹ نے پہلوانوں کی شاندار کارکردگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے قوم سے پہلوانوں کی فائنل میں کامیابی کے لیے دعاؤں کی درخواست کی۔


























Leave a Reply