جنوبی افریقا کے سابق بیٹر اے بی ڈی ویلیئرز کا کہنا ہے کہ پاکستان کے بولنگ اٹیک نے خوف کا وہ عنصر کھو دیا ہے جو انٹرنیشنل کرکٹ میں ان کی پہچان ہوا کرتا تھا۔
یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے سابق جنوبی افریقی بیٹر اے بی ڈی ویلیئرز نے کہا کہ پاکستان کے پیس اٹیک کے ساتھ کیا ہوا ہے، انہوں نے وہ خوف کا عنصر کھو دیا ہے جس کے لیے وہ مشہور تھے، میں نے وسیم اکرم، شعیب اختر، وقار یونس اور محمد آصف جیسے شاندار بولرز کو دیکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاہین آفریدی، نسیم شاہ جیسے بولرز کو ابھی وہ اثر متواتر طور پر دکھانا ہے جس کی ان سے توقع کی جاتی ہے، وہ اب بھی پاکستان کے عظیم بولرز کی طرح شہرت کے حامل دکھائی دیتے ہیں لیکن وہ اس کے مطابق محنت نہیں کررہے ہیں۔
یہ پڑھیں: پاکستان کمزور ٹیم ہے، انگلینڈ کو شکست ہوئی تو مایوسی ہوگی، اسٹورٹ براڈ
سابق کرکٹر نے کہا کہ پاکستانی بولرز کو ٹیسٹ کرکٹ میں 20 وکٹیں حاصل کرنے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے جس پر بھی بولنگ اٹیک پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔
اے بی ڈی ویلیئرز نے کہا کہ گزشتہ تین سال پاکستان کرکٹ کے لیے واقعی اچھے نہیں رہے جس میں ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شکست بھی شامل ہے۔
سابق کرکٹر نے کہا کہ پاکستان ٹیم ری بلڈنگ کے مرحلے سے گزر رہی ہے، انگلینڈ کے خلاف پاکستان کے فاسٹ بولرز کی کارکردگی دیکھنا ہوگی، کیا وہ رعب اور دبدبہ واپس لاسکتے ہیں جو پاکستان کی بولنگ اٹیک کا خاصہ ہوا کرتا تھا۔
