امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے معرکہ حق کے ایک سال مکمل ہونے پر کہا کہ پاکستان کی جانب سے امن کی خواہش کو کمزوری سمجھنے کی بھارت نے بھاری قیمت چکائی۔
معرکہ حق کی تاریخی فتح کا ایک سال مکمل ہونے پر واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں بھارتی جارحیت کے خلاف مؤثر اورناقابل فراموش قیادت فراہم کرنے پر سول اور فوجی قیادت کو دادِ تحسین پیش کیا گیا۔
امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہاکہ پاکستان کی جانب سے امن کی خواہش کو کمزوری سمجھنے کی بھارت نے بھاری قیمت چکائی، عالمی اور علاقائی امن کے حوالے سے پاکستان کا کردار ہمیشہ کلیدی اہمیت کا حامل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگ بندی کے حوالے سے مثبت کردار ادا کرنے پر امریکی صدر ٹرمپ کے مشکور ہیں۔
اس کے علاوہ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی نے بھی بھرپور شرکت کی اور ‘پاکستان ہمیشہ زندہ باد ‘ کے پرجوش نعرے لگائے اور ملی نغمے پیش کیے۔
ادھر نیویارک میں بھی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے کہاکہ معرکۂ حق پاکستان کی تاریخ کا ایک فیصلہ کن باب ہے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر عاصم افتخار نے کہا ہے کہ معرکہ حق کے بعد ایک سال میں عالمی سطح پر پاکستان ابھر کر سامنے آیا ہے، پاکستان عالمی سطح پر استحکام کا سبب بن رہا ہے۔
نیویارک میں جیو نیوز سے خصو صی گفتگو میں انہوں نے کہاکہ عالمی سطح پر پاکستان کی بات توجہ سے سنی جارہی ہے، امریکا ایران مذاکرات میں پاکستان کی کامیاب سفارتکاری پر دنیا کی نظریں مرکوز ہیں۔






















Leave a Reply