پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) سینٹرل کنٹریکٹ 26-2025ء کا حصہ کھلاڑی ملک کے سب سے بڑے فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ کے 3 ماہ مکمل ہونے کے بعد تا حال مکمل ادائیگی کے منتظر ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر انتظام ملک کا سب سے بڑا فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ “ قائد اعظم “ ٹرافی 26-2025ء کا اختتام ہوئے 3 ماہ گزر چکے ہیں۔
ایونٹ 6 اکتوبر سے 5 دسمبر 2025ء تک کھیلا گیا۔10ٹیموں نے شرکت کی جس میں سعود شکیل کی قیادت میں کراچی بلیوز نے فائنل میں دفاعی چیمپئن سیالکوٹ کو شکست دی۔
قائد اعظم ٹرافی میں 10 ریجن کی طرف سے مجموعی طور پر 226کھلاڑی کھیلے۔ جس میں پی سی بی سینٹرل کنٹریکٹ 26-2025ء میں شامل 24 کھلاڑی بھی ملک کا سب سے بڑا فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کھیلے۔جب کہ سینٹرل کنٹریکٹ کا حصہ 6 کھلاڑی ابرار احمد،بابر اعظم ،شاہین شاہ آفریدی ( بی کیٹیگری) فہیم اشرف ( سی کیٹیگری) اور احمد دانیال ،سلمان مرزا( ڈی کیٹیگری) فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ “ قائد اعظم “ ٹرافی 26-2025ء کا ایک میچ بھی نہیں کھیلے۔
قائد اعظم ٹرافی میں شرکت کرنے والے 10 ریجنز کے 226کھلاڑیوں کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے 10مارچ 2026ء کو 30000 روپے میچ فیس کے حساب سے ادائیگی کے چیکس تقسیم کر دیے ہیں۔
تاہم پی سی بی سینٹرل کنٹریکٹ 26-2025ء کا حصہ کھلاڑی ملک کے سب سے بڑے فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ کے 3 ماہ مکمل ہونے کے بعد تا حال مکمل ادائیگی کے منتظر ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے سینٹرل کنٹریکٹ کے صفحہ 25پر درج شق 9.6 کے تحت پی سی بی سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑی کو “ قائد اعظم “ ٹرافی کھیلنے پر 6 لاکھ 28 ہزار 898 روپے میچ فیس کی مد میں ادائیگی ہوگی، البتہ سینٹرل کنٹریکٹ کھیلنے والی کھلاڑیوں کو 30000ہزار روپے میچ فیس کیساتھ ادائیگی کے چیکس موصول ہوئے ہیں۔
اس بارے میں پی سی بی کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک خرم نیازی سے جب رابطہ کیا گیا ،تو انہوں نے تصدیق کی کہ سینٹرل کنٹریکٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں کو 30000روپے کے حساب سے میچ فیس کے چیکس دیے گئے ہیں۔
تاہم ان کا کہنا ہے کہ بورڈ سینٹرل کنٹریکٹ کے کھلاڑیوں کو 6 لاکھ 28 ہزار 898روپے ہی ایک میچ فیس کی مد میں ادا کریگا۔ ابھی کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک میچ فیس کے حساب سے ادائیگی ہوئی ہے اور سیزن کے اختتام پر انہیں سینٹرل کنٹریکٹ کے حساب سے بقایا ادائیگی کے چیکس ادا کر دیے جائینگے۔


























Leave a Reply