پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان جاری سلہٹ ٹیسٹ میچ کے دوران پاکستانی بیٹر محمد رضوان اور بنگلادیشی وکٹ کیپر لٹن داس کے درمیان گرما گرمی ہوگئی۔
پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے دن سلہٹ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں میچ کے دوران گرما گرمی دیکھنے میں آئی، جب بنگلا دیشی کھلاڑیوں کی جانب سے پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو طنز کا نشانہ بنایا گیا۔
بیٹنگ کے دوران محمد رضوان کو کئی بار سائیڈ اسکرین کے اردگر حرکت کی وجہ سے مشکل ہوئی۔
تاہم اننگز کے 72 ویں اوور میں بنگلادیشی اسپنر تیجول اسلام گیند کرانے آئے تو رضوان سائیڈ اسکرین کی طرف اشارہ کرتے ہوئے رک گئے۔
سائیڈ اسکرین درست کروانے پر پہلے بنگلا دیشی وکٹ کیپر لٹن داس اور محمد رضوان کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔
لٹن داس نے رضوان کو کہا کہ’ یہ آپ کیا کررہے ہو؟’ محمد رضوان نے غصے سے کہا ‘وہ ہر گیند پر سامنے کھڑا ہے، یہ تمہارا کام نہیں’، جس پر بنگلادیشی وکٹ کیپر نے بظاہر کہا کہ ‘کھیلو یا آؤٹ ہوجاؤ’۔
اس دوران فیلڈ امپائرز بیچ میں آئے اور دونوں کرکٹرز کے درمیان معاملہ سلجھایا ۔
تاہم اگلی گیند رضوان نے لائن میں آکر کھیلی تو لٹن داس نے پھر کہا کہ ‘اس نے آرام کرلیا ، اب ایکٹنگ شروع ہوجائے گی ‘۔
بعد ازاں فیلڈ میں موجود بعض بنگلا دیشی کھلاڑیوں نے رضوان پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ‘ہم اس اوور ایکٹنگ کے 50 پیسے کاٹیں گے اور آپ اچھی اداکاری کرتے ہیں’۔
اس اننگز کے دوران محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی 14ویں ٹیسٹ نصف سنچری مکمل کی۔
چوتھے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے بنگلادیش کے 437 رنز کے ہدف کے جواب میں 7 وکٹوں پر 316 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی جانب سے محمد رضوان 75 اور ساجد خان 8 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں ۔ پاکستان کو جیت کے لیے مزید 121 رنز درکار ہیں۔


























Leave a Reply