ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی امریکا اور اسرائیل کے حملے میں شہید ہوگئے۔
ایرانی حکام نے علی لاریجانی کی شہادت کی تصدیق کردی، ایرانی میڈیا کے مطابق امریکا اور اسرائیل کے حملے میں علی لاریجانی کے بیٹے مرتضیٰ بھی شہید ہوگئے ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق علی لاریجانی کومشرقی تہران میں نشانہ بنایاگیا، وہ تہران کے مشرق میں اپنی بیٹی سے ملنے گئے ہوئے تھے۔
علی لاریجانی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پوسٹ کیا گیا کہ ایران کی پیاری اور قابل فخر قوم! مسلم عوام اور دنیا کے آزاد لوگو! خدا کا بندہ خدا سے جاملا، علی لاریجانی کےاکاؤنٹ پر مزید لکھا گیا کہ اللہ کے بندوں میں سے ایک بندہ شہید ہو گیا ہے۔
اس سے پہلے علی لاریجانی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ہاتھ سے لکھا پیغام جاری کیا گیا تھا جس میں شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا تھا۔
اسرائیل نے گزشتہ روز ایران کی قومی سلامتی کے مشیر علی لاریجانی کو نشانہ بنانےکا دعویٰ کیا تھا، اسرائیلی فوج نے کہا تھا کہ علی لاریجانی کو تہران میں ایک مقام پر نشانہ بنایا گیا جس میں ایران کی داخلی سکیورٹی فورس بسیج کے کمانڈر غلام رضا سلیمانی بھی مارے گئے۔
ادھر قطر کی حمد بن خلیفہ یونیورسٹی میں پبلک پالیسی کے سینئر پروفیسر سلطان برکات کے مطابق ایرانی نیشنل سکیورٹی کونسل کے سربراہ علی لاریجانی کی شہادت سے جنگ کے سفارتی حل تک پہنچنا مزید مشکل اور طویل ہو جائےگا۔
عرب میڈیا کے مطابق پروفیسر سلطان برکات کا کہنا ہے کہ لاریجانی کی شہادت ایرانی نظام میں سخت گیر عناصر کو مضبوط کرے گی اور ساتھ ہی سفارتی حل فی الحال کچھ مزید دور ہوجائےگا۔
علی لاریجانی کی سوانح حیات
شہید علی لاریجانی عراق کے شہر نجف میں پیدا ہوئے، ایران کی پاسداران انقلاب میں شمولیت کے بعد انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کے اندر نمایاں مقام حاصل کیا، وہ ایران کی داخلی سیاست، پارلیمنٹ اور خارجہ پالیسی میں طویل عرصے سے بااثر کردار ادا کرتے رہے۔
67 سالہ علی لاریجانی انقلابِ ایران کے بعد ابھرنے والی اہم سیاسی شخصیات میں شامل تھے، وہ ایران کے طاقتور مذہبی و سیاسی خاندان سے تعلق رکھتے تھے اور ایران کی سب سے طاقتور شخصیات میں سے ایک تھے، صدارتی سیاست میں بھی سرگرم رہے، متعدد بار صدارتی انتخابات میں بھی اہم امیدوار رہے۔
علی لاریجانی سکیورٹی پالیسی کے معمار اور خامنہ ای کے قریبی مشیر سمجھے جاتے تھے، وہ ایران عراق جنگ کے سابق کمانڈر اور اہم سرکاری عہدوں پر بھی فائز رہے۔
شہید علی لاریجانی نے بطور اسپیکر پارلیمنٹ 12 سال تک مجلسِ شورٰی کی قیادت کی، وہ ایران کے چیف مذاکرات کار برائے جوہری پروگرام بھی رہ چکے ہیں۔
علی لاریجانی کو ایران کی قدامت پسند مگر نسبتاً معتدل سوچ رکھنے والی سیاسی شخصیت سمجھا جاتا تھا۔


























Leave a Reply