Preloader

جس طرح حب الوطنی کا جذبہ سیاسی قوم پرستی اور غلامی سے نجات حاصل کرنے کی جدوجہد میں رونما ہوا، ویسے ہی قومی آزادی کا تصور معاشی آزادی اور سماجی انقلاب کے خیالات سے بدلا۔ اگر کوئی شخص ہندوستان کی قومی تحریک کی رفتار سے واقف ہے تو اسے اردو شاعری کا مطالعہ کرنے اور ان تغیرات کی زبردست جھلک دیکھنے میں کوئی دشواری ہی پیش نہ آئے گی کیونکہ شاعری کا جو حصہ زندگی کی جدوجہد سے قریب رہتا ہے، اس میں اس جدوجہد کا رنگ ضرور دکھائی دیتا ہے۔ چنانچہ جلیاں والا باغ، ترک موالات، قید و بند، آزادی، اشتراکیت، کسان، مزدور، انقلاب ان تمام مسائل نے اردو شاعری میں جگہ پائی اور اسی تیز رفتاری سے جس سے قومی تحریک قدم آگے بڑھا رہی تھی۔

یہاں تک کہ اردو شعرا کے نئے گروہ نے جس کی سرکردگی جوشؔ ملیح آبادی نے کی۔ اس کے لب و لہجہ میں بڑی شدت، آواز میں بڑی گھن گرج، مطالبات میں بڑا زور اور انداز بیان میں غصہ اور تلخی کا پتہ چلتا ہے۔ جوشؔ نے جس واضح اور صاف طریقہ پر قومیت کا نعرہ بلند کیا، وہ اردو شاعری میں ایک بالکل نئی آواز کی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ اس میں خطابت اور نعرہ زنی نے بجلیاں بھر دیں اور برطانوی حکومت اس کی گرمی کو برداشت نہ کر سکی۔ جب ان کی نظم ’’شکست زنداں کا خواب‘‘ شائع ہوئی اور ایک ہندی رسالے سو تنتر بھارت میں چھپی تو وہ رسالہ ضبط کر لیا گیا اور کارکنوں پر مقدمہ چلایا گیا۔ آج سے تقریباً دس سال پہلے انہوں نے اپنی مشہور نظم ’’ایسٹ انڈیا کمپنی کے فرزندوں سے‘‘ لکھی اور دوسری جنگ عظیم کے شروع ہوتے ہی انگریزی حکومت کو یاد دلایا کہ صرف جرمن ہی ظالم نہیں ہے کیونکہ اس نے بھی اپنے سامراجی بندھنوں کو مضبوط بنانے کے لئے ہندوستان کو تباہ کیا ہے۔ اس نظم میں ایسے مصرعے اور خیالات آتے ہیں،

دستکاروں کے انگوٹھے کاٹتے پھرتے تھے ہم
سر برہنہ پھر رہی تھی عزت ہندوستاں

آج بیٹھے ہو جو نخلِ راستی کی چھاؤں میں
کیا خدا ناکردہ کچھ موچ آ گئی ہے پاؤں میں

یہ سن کر انگریزی حکومت کو غصہ آیا اور اس نے یہ نظم ضبط کر لی۔ جوشؔ کے گھر کی تلاشی لی گئی اور وہاں جب کچھ نہ ملا تو جوشؔ نے پھر ایک نظم لکھی اور تلاشی لینے والوں کو مخاطب کرکے کہا کہ شاعر کے باغیانہ خیالات اس کی کوٹھریوں اور صندوقوں میں بند نہیں رہتے، اس کے سینے میں ہوتے ہیں۔

(ترقی پسند تحریک سے وابستہ ممتاز نقاد سید احتشام حسین کے مضمون اردو شاعری میں قومیت سے اقتباس)

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *