(18 نومبر 2026): انٹرنیشنل سب میرین کیبل میں خرابی کے باعث ملک بھر میں انٹرنیٹ صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے انٹرنیشنل سب میرین کیبل میں خرابی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سب میرین کیبل میں پاکستان کے ساحل سے 11 کلو میٹر دور خرابی آئی ہے جس سے انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
ترجمان پی ٹی اے نے کہا کہ تکنیکی خرابی کے باعث انٹرنیٹ سروس کے معیار میں کمی آ سکتی ہے، ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس کیبل کنسورشیم کے ساتھ خرابی کی وجہ جاننے کیلیے رابطے میں ہیں، سب میرین کیبل کی مرمت اور سروس بحالی کے متوقع وقت کا تعین کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دوران پرواز انٹرنیٹ کی فراہمی، پی ٹی اے کا اہم اقدام
’صارفین کی سہولت کیلیے انٹرنیٹ ٹریفک متبادل انٹرنیشنل لنکس پر منتقل کی جا رہی ہے۔ متبادل لنکس کے ذریعے انٹرنیٹ سروس پر خرابی کے اثرات کم سے کم رکھنے کی کوشش ہے۔ پی ٹی اے صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے اور متعلقہ اداروں سے رابطے میں ہے۔ ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس جلد معمول پر لانے کیلیے ہنگامی اقدامات جاری ہیں۔‘
