اسلام آباد (13 نومبر 2026): ایوان صدر نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ملاقات پر وضاحت جاری کر دی۔
گزشتہ روز محسن نقوی نے خصوصی طیارے سے نوابشاہ پہنچ کر آصف علی زرداری سے اہم ملاقات کی تھی۔ ذرائع کے مطابق یہ ملاقات 30 منٹ جاری رہی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: محسن نقوی نے نئے صوبوں پر ’ریفرنڈم‘ کی تجویز دے دی
ذرائع کے مطابق محسن نقوی نے نوابشاہ میں تقریباً ایک گھنٹہ قیام کیا، آصف علی زرداری گزشتہ 10 روز سے سندھ میں قیام پذیر تھے، انہوں نے ٹھٹھہ، سجاول اور ٹنڈو الہ یار کا دورہ کیا۔
ملاقات کے بعد خبریں سامنے آئی تھیں کہ دونوں رہنماؤں میں نئے صوبوں کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا، تاہم اب ایوان صدر کی جانب سے وضاحتی بیان جاری کیا گیا ہے۔
ایوان صدر کی وضاحت
ترجمان ایوان صدر کے مطابق صدر مملکت سے وفاقی وزیر داخلہ کی ملاقات میں صوبوں سے متعلق امور پر گفتگو سے متعلق میڈیا رپورٹس میں کوئی صداقت نہیں، ملاقات میں قومی سلامتی اور خطے کی صورتحال سے متعلق امور زیر بحث آئے لیکن صوبوں سے متعلق کوئی گفتگو نہیں ہوئی۔
