راولپنڈی: پاکستان نے مقامی طور پر تیار کردہ فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل فاز کا کامیاب فلائٹ ٹیسٹ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان نے دفاعی اور فضائی صلاحیتوں میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کرلیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ میزائل فاز جدید ترین ٹرمینل گائیڈنس سسٹم سے لیس ہے، میزائل فاز طویل فاصلے پر دشمن کے فضائی اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے، میزائل فاز پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیت میں نمایاں اضافہ کرے گا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق میزائل فاز کی کامیاب آزمائش ملکی دفاعی صنعت کی تکنیکی مہارت اور خود انحصاری کا ثبوت ہے، کامیاب فلائٹ ٹیسٹ کا مشاہدہ مسلح افواج کے سینئر افسران اور ممتاز سائنسدانوں و انجینئرز نے کیا ہے، میزائل فاز کی تیاری میں سائنسدانوں اور انجینئرز نے اہم کردار ادا کیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر، سروسز چیفس نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔
