Preloader

(1 نومبر 2026): بھارتی گلوکار و موسیقار ہمیش ریشمیا نے اپنے انگریزی گانوں کے حوالے سے انکشاف کر کے مداحوں کو حیرت میں مبتلا کر دیا۔

ہمیش ریشمیا نے حال ہی میں دیے گئے انٹرویو میں انکشاف کیا کہ انہوں نے اپنے انٹرنیشنل البم کیلیے انگریزی میں 15 گانے لکھے، گائے اور کمپوز کیے ہیں، جیسے ہی وہ اپنی دیگر مصروفیات سے فارغ ہوں گے تو البم کو بڑے پیمانے پر لانچ کرنا چاہیں گے۔

انٹرویو میں بھارتی گلوکار و موسیقار سے پوچھا گیا کہ کیا کوئی بین الاقوامی گلوکار ہے جس کے ساتھ وہ تعاون کرنا چاہیں گے۔

اس سوال کا جواب دینے سے پہلے انہوں نے ایک دلچسپ انکشاف کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ کوئی نہیں جانتا کہ میں نے بین الاقوامی زبان میں 15 گانے کمپوز کیے ہیں جو کسی بھی طرح سے بناوٹی نہیں لگتے۔

یہ بھی پڑھیں: ہمیش ریشمیا کی فلم نے وہ کردکھایا جو بڑے بڑے بھارتی سپراسٹارز کی فلم نہ کر سکی

ہمیش ریشمیا نے بتایا کہ میں نے وہ 15 گانے انگریزی میں خود لکھے، گائے اور کمپوز کیے ہیں، انہیں بہت بڑے پیمانے پر لانچ کیا جائے گا، میں اس کی منصوبہ بندی کا انتظار کر رہا ہوں کیونکہ میں بہت ساری چیزوں اور فلموں میں مصروف رہا ہوں۔

’میں اس البم کو بین الاقوامی سطح پر اسی طرح لانچ کروں گا جس طرح مجھے یہاں بطور گلوکار لانچ کیا گیا تھا۔ اب جبکہ میں بلومبرگ کی دنیا کے ٹاپ پاپ اسٹارز کی فہرست میں شامل ہوگیا ہوں تو یہی صحیح وقت ہے کہ اپنا البم پیش کرنے کا۔ اس کا پہلا سنگل عالمی سطح پر شاندار انداز میں ریلیز کیا جائے گا۔ ایسا نہیں ہے کہ میں نے کسی عالمی گانے میں چھوٹا سا حصہ گایا ہے، یہ خالصتاً ان عالمی سامعین کو ہدف بناتا ہے جو انگریزی موسیقی سنتے ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ یہ بہت مختلف ہوگا، ایک وقت تھا جب کوئی تصور بھی نہیں کر سکتا تھا کہ جب میں نے ’عاشق بنایا آپ نے‘ گایا تو میں کیسا لگوں گا، یہاں بھی وہی ہوگا، یہ بہت اچھا ہے اور ایک بار پھر اس میں ایک رومانوی تعلق ہے، میں اس کیلیے بہت پُرجوش ہوں۔

آخر میں انہوں نے اصل سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ اگر مجھے عالمی سطح پر تعاون کا موقع ملا تو ایک گانا ہے جو گلوکارہ ریحانہ کیلیے بالکل درست ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *