Preloader

اسلام آباد : جرمنی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے شعبے میں ماہر افراد کے لیے روزگار کے وسیع تر مواقع موجود ہیں، جہاں گزشتہ سال تقریباً ایک لاکھ 9 ہزار آئی ٹی کی آسامیاں خالی رہ گئی تھیں۔

بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے مطابق جرمن معیشت میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، ٹیلی کمیونیکیشن اور جدید ٹیکنالوجی کے بڑھتے کردار کے باعث آئی ٹی ماہرین کی طلب میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

جرمنی کو یورپ کی جدید اور صنعتی معیشتوں میں نمایاں مقام حاصل ہے اور ٹیکنالوجی، ٹیلی کمیونیکیشن اور کنزیومر الیکٹرانکس کے شعبوں میں اس کی مارکیٹ کو اہم سمجھا جاتا ہے۔

اسی وجہ سے تجربہ کار اور تعلیم یافتہ آئی ٹی ماہرین کے لیے جرمنی میں چھوٹی اور درمیانے درجے کی کمپنیوں، صنعتی اداروں اور بڑی بین الاقوامی کمپنیوں میں ملازمت کے مواقع دستیاب ہیں۔

بیورو اعلامیہ کے مطابق جرمنی میں آئی ٹی کے مختلف شعبوں کے ماہرین کی خاص طور پر طلب ہے، ان میں سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ، ایپلی کیشن سپورٹ، آئی ٹی سیکیورٹی اور ڈیٹا سائنس نمایاں شعبے ہیں۔

سافٹ ویئر ڈولپرز کو مختلف پروگرامنگ لینگویجز استعمال کرتے ہوئے سافٹ ویئر تیار اور نافذ کرنا ہوتا ہے۔ اس شعبے میں کام کرنے والے ماہرین صارفین کی ضروریات کے مطابق مکمل ایپلی کیشنز یا سافٹ ویئر کے مخصوص حصے تیار کرتے ہیں۔

ایس اے پی اور شیئر پوائنٹ جیسے سسٹمز کے ماہرین مختلف کمپنیوں میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور متعلقہ مصنوعات اور نظام کے حوالے سے مرکزی رابطہ کار کے طور پر کام کرسکتے ہیں۔

دوسری جانب ڈیٹا سائنس کے ماہرین بڑی مقدار میں موجود ڈیٹا کا تجزیہ کرکے اس سے مفید نتائج اور ممکنہ حل اخذ کرتے ہیں، اس شعبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ریاضی کے مختلف طریقوں کا استعمال کیا جاتا ہے۔

پاکستانی شہریوں سمیت غیر یورپی ممالک کے شہریوں کو جرمنی میں ملازمت کے لیے متعلقہ رہائشی اجازت نامہ حاصل کرنا ضروری ہوتا ہے۔

بیورو اعلامیہ کے مطابق جرمنی میں ملازمت اور رہائش کے لیے مختلف قانونی راستے موجود ہیں، جبکہ آئی ٹی ماہرین کے لیے بعض حالات میں باضابطہ یونیورسٹی ڈگری کے بغیر بھی ورک ویزا حاصل کرنے کا راستہ موجود ہے۔

اگر کسی شخص کے پاس انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں عملی تجربہ موجود ہو لیکن باقاعدہ تعلیمی یا پیشہ ورانہ قابلیت نہ ہو تو وہ آئی ٹی ماہرین کے لیے دستیاب خصوصی ورک ویزا کے طریقہ کار سے فائدہ اٹھا سکتا ہے، تاہم اس کے لیے متعلقہ شرائط پوری کرنا ضروری ہیں۔

بیورو اعلامیہ کے مطابق جرمنی میں آئی ٹی شعبے میں کیریئر شروع کرنے کے خواہشمند افراد کو پہلے اپنی پیشہ ورانہ اہلیت اور جرمنی میں ملازمت کے امکانات کا جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس مقصد کے لیے جرمنی کے سرکاری میک اٹ ان جرمنی پورٹل پر موجود کوئیک چیک کے ذریعے ملازمت تلاش کرنے کے طریقہ کار اور ضروری رہنمائی سے متعلق معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔

پاکستانی آئی ٹی ماہرین جرمنی میں ملازمت، ویزا اور کیریئر سے متعلق تفصیلات کے لیے سرکاری میک اٹ ان جرمنی پورٹل سے رجوع کرسکتے ہیں۔

پاکستانی انجینئرز کے لیے جرمنی میں ملازمت کے سنہری مواقع

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *