پاکستان کی سابقہ اداکارہ اریج فاطمہ نے حجاب کرنے کی وجہ بیان کردی ہے۔
سابقہ اداکارہ اریج فاطمہ نے ان ذاتی تجربات کے بارے میں گفتگو کی ہے جن کی وجہ سے انہوں نے باقاعدگی سے حجاب کرنا شروع کیا۔
انہوں نے بتایا کہ کینسر کی تشخیص نے زندگی، عقیدے اور حجاب پہننے کے حوالے سے ان کا نقطہ نظر تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ایک حالیہ انٹرویو کے کلپ میں اریج نے وضاحت کی کہ کینسر کی تشخیص کے بعد انہیں اپنے بال گرنے یا کھو دینے کی فکر لاحق ہو گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ انہیں ہمیشہ اپنے بالوں پر فخر رہا ہے اور وہ انہیں ایک خاتون کے طور پر اپنے اعتماد کا اہم حصہ سمجھتی تھیں۔
یہ پڑھیں: اداکارہ اریج فاطمہ نے زندگی کے تلخ تجربات سے پردہ اٹھا دیا
سابقہ اداکارہ بتایا کہ وہ اکثر کہا کرتی تھیں کہ اگر کبھی وہ گنجی ہو گئیں تو حجاب پہننا شروع کر دیں گی تاہم بیماری کے دوران ان کے بال نہیں گرے جس پر انہوں نے اپنی سوچ پر نظر ثانی کی۔
اریج کے مطابق انہوں نے تدفین سے قبل میت کو غسل دینے کے عمل میں حصہ لینا شروع کیا تھا۔ اس تجربے نے انہیں زندگی کی غیر یقینی صورتحال پر غور کرنے اور یہ احساس دلانے پر مجبور کیا کہ کسی بھی وقت کچھ بھی ہو سکتا ہے۔
سابقہ اداکارہ نے تسلیم کیا کہ بیماری ان کی زندگی کے سفر کا ایک حصہ تھی لیکن انہوں نے علاج کے دوران ملنے والی آسانی اور تعاون پر شکر گزاری کا اظہار بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ ان کی بیماری کی تشخیص جلد ہو گئی تھی اور انہیں علاج کے دوران ان تاخیر کا سامنا نہیں کرنا پڑا جو اکثر ایسی بیماریوں کے مریضوں کو پیش آتی ہیں جن کی تشخیص مشکل ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگ بعض اوقات ان سے کہتے ہیں کہ بیماری گناہوں کی سزا ہوتی ہے لیکن وہ اس طرح کی رائے سے اتفاق نہیں کرتیں۔
اریج نے مزید کہا کہ لوگ مشکل حالات کا سامنا کرتے ہوئے اللہ پر اپنا ایمان اور بھروسہ قائم رکھیں۔
