اسرائیلی عدالت نے غزہ جانے والے فلوٹیلا کے 2 غیر ملکی کارکنوں کی حراست میں مزید 2 دن کی توسیع کر دی۔
رپورٹ کے مطابق 50 سے زائد جہازوں پر مشتمل فلوٹیلا فرانس، اسپین اور اٹلی سے روانہ ہوا تھا جس کا مقصد اسرائیل کی جانب سے غزہ پر عائد ناکہ بندی توڑنا اور امدادی سامان پہنچانا تھا۔
اسرائیلی فورسز نے جمعرات کو یونان کے قریب بین الاقوامی پانیوں میں اس فلوٹیلا پر حملہ کرکےتقریباً 175 کارکنوں کو حراست میں لیا تھا جن میں سے 2 کو تفتیش کے لیے اسرائیل منتقل کیا گیا جبکہ دیگر کو یونانی حکام کے حوالے کیا گیا تھا۔
اسپین سے تعلق رکھنے والے سیف ابو کشک اور برازیل کے شہری تھیاگو اویلا کو اتوار کے روز اسرائیل کے جنوبی شہر اشکلون کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق عدالت پیشی کے وقت تھیاگو اویلا کے ہاتھ پیچھے کی جانب ہتھکڑیوں میں جکڑے ہوئے تھے جبکہ سیف ابو کشک کے پاؤں میں بیڑیاں ڈالی گئی تھیں۔
اسرائیلی حکام کی جانب سے عدالت میں دونوں افراد کے خلاف ممکنہ الزامات کی فہرست پیش کی گئی جن میں ’دورانِ جنگ دشمن کی مدد‘ اور ’کسی دہشت گرد تنظیم کی رکنیت یا اس کی معاونت‘ شامل ہیں۔


























Leave a Reply