پاک بحریہ کی پہلی ہنگور کلاس آبدوز کی چین میں کمیشننگ کی تقریب ہوئی، صدر مملکت آصف علی زرداری تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف بھی موجود تھے۔
صدر مملکت نے کہا کہ آبدوز ‘ہنگور’ کی کمیشننگ پاک بحریہ کی جدت کے سفر میں ایک تاریخی سنگ میل ہے، پاکستان اپنی خودمختاری کے دفاع، بحری مفادات کے تحفظ اور اقتصادی راہداریوں کی حفاظت کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ اہم بحری راستوں کا تعطل عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے بڑا خطرہ ہے، یہ آبدوزیں جارحیت کو روکنے اور بحیرہ عرب میں اہم سمندری تجارتی گزرگاہوں کی سلامتی یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔
نیول چیف کا کہنا تھا کہ 1971 کی پاک بھارت جنگ میں سابقہ ‘ہنگور’ دوسری جنگ عظیم کے بعدکسی بحری جہاز کو تباہ کرنے والی پہلی آبدوز تھی۔ ہنگورکلاس آبدوزیں جدید ترین ائیر انڈیپنڈنٹ پروپلشن ٹیکنالوجی، سونار سسٹمز، اسٹیلتھ ڈیزائن اور زیر آب طویل آپریشنز کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پہلی ہنگور کلاس آبدوز کی کمیشننگ پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ اور گہری دوستی کا ایک نیا باب ہے۔
وزیراعظم پاکستان اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے پوری قوم اور پاک بحریہ کو اس تاریخی سنگ میل کے حصول پر مبارک باد پیش کی ہے۔


























Leave a Reply