کیمبرج انٹرنیشنل نے اے لیول ریاضی کے امتحانی پرچے کے آؤٹ ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔
کیمبرج کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ اے لیول ریاضی کے پیپر 12 (9709)، جو افریقا، یورپ، مشرقِ وسطیٰ، پاکستان اور جنوبی ایشیا میں لیا گیا، امتحان سے قبل ضوابط کے خلاف شیئر کیا گیا تھا۔
اعلامیے کے مطابق ادارہ ایسے واقعات کی فوری اور مکمل تحقیقات کرتا ہے اور اس وقت لیک کی نوعیت اور حد کا تعین کیا جا رہا ہے، جب کہ آئندہ کے اقدامات طے کرنے پر بھی کام جاری ہے۔ کیمبرج 7 مئی 2026 کو مزید پیش رفت سے آگاہ کرے گا۔
کیمبرج کا کہنا ہےکہ اس کی اولین ترجیح یہ یقینی بنانا ہےکہ اس واقعے سے طلبا کو کوئی نقصان نہ پہنچے اور امتحانات کی شفافیت اور سالمیت برقرار رکھی جائے۔
طلبا کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آئندہ امتحانات کی تیاری جاری رکھیں اور شیڈول کے مطابق شرکت کریں۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہےکہ آئندہ کے اقدامات سے متعلق فیصلے سینئر اور تجربہ کار ماہرین کریں گے تاکہ دیے جانے والے گریڈز کی ساکھ برقرار رہے اور جامعات و دیگر ادارے ان پر اعتماد کرسکیں۔
کیمبرج نے اس بات پر بھی زور دیا کہ امتحانی نظام کی سالمیت متاثر ہونا ایک نایاب واقعہ ہے، تاہم جہاں بدعنوانی کے شواہد ملتے ہیں وہاں متعلقہ امتحانی مراکز اور طلبا کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ اے لیول ریاضی کا مذکورہ پرچہ بدھ کے روز امتحان سے تقریباً 6 گھنٹے قبل سوشل میڈیا پر لیک ہوا تھا۔


























Leave a Reply