کراچی کے علاقے ملیر الفلاح میں پولیس کے سامنے مسلح افراد کی فائرنگ کی وجہ سے علاقہ میدان جنگ بن گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر الفلاح میں ڈبل کیبن گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص زخمی ہوا جس پر شہریوں نے گاڑی کو گھیر لیا جس پر مسلح افراد نے ہجوم کو دیکھ کر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوگئے۔
8 سے زائد مسلح افراد زخمیوں کو ڈنڈوں سے تشدد کا نشانہ بھی بناتے رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قریب موجود دیگر شہریوں نے ہنگامہ آرائی دیکھی تو انہوں نے بھی گھیراؤ کرلیا، گاڑی سوار مسلح افراد نے مزید فائرنگ کی جس پر علاقہ مکینوں نے بھی پتھراؤ کیا۔
پولیس 15 کی موبائل کی موجودگی میں گاڑی سوار نے کئی شہریوں کو ٹکر ماری اور فائرنگ کی۔
پولیس کا کہنا مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد فیضان اور عبداللہ زخمی ہوئے ہیں۔
زخمی ایک شخص کا کہنا ہے کہ مجھ پر ملک رمضان اور اس کے ساتھیوں نے گولیاں چلائیں، مسلح افراد گولیاں برساتے رہے پولیس خاموش تماشائی بنی رہی۔
ایس ایس پی کورنگی کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے جس شخص نے فائرنگ کی وہ اور اس کے گارڈ ہیں ، تین گاڑیاں تحویل میں لے لی گئی ہیں۔
ایس ایس پی کورنگی کا بتانا ہے کہ گارڈ کے پاس جو اسلحہ تھا وہ بھی پولیس نے قبضے میں لے لیا ہے۔
