اسلام آباد (15 اگست 2026): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جشن آزادی کے حوالے سے تقریب میں سرکاری افسروں کی شاہی بگھی سواری پر ردعمل دے دیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں محسن نقوی نے بتایا کہ یہ شاہی بگھی جشن آزادی کی تقریب کے مہمان خصوصی کیلیے تھی، لیکن بدقسمتی سے اسلام آباد کے چیف کمشنر اور آئی جی پولیس نے استعمال کی۔
محسن نقوی نے بتایا کہ جانتے ہیں کہ جو کچھ ہوا مناسب نہیں تھا، شاہی بگھی میں سواری کرنے والے آئی جی اسلام آباد اور چیف کمشنر اسلام آباد کا کوئی قصور نہیں، دراصل تقریب میں میری اور مہمان خصوصی کی شرکت میں تاخیر ہوئی تو افسروں کو تقریب شروع کرنے کی ہدایت کی گئی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ شاہی بگھی مہمان خصوصی کیلیے تھی، ان افسروں کو مہمانوں کے ساتھ آنا تھا۔
واضح رہے کہ جب یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو سرکاری افسران کی تشریف آوری پر تنقید کی گئی۔ ایک صارف نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اگر کوئی ایسا لمحہ ہے جو آج کے پاکستان میں موجود ہر خرابی کو مکمل طور پر عیاں کرتا ہے تو وہ یہ شرمندگی سے بھرپور ویڈیو ہے، یہ اس حالت کی ایک دردناک عکاسی ہے جس تک ہم نے خود کو پہنچنے دیا ہے۔
سیاسی حلقے سے بھی تنقید کی گئی کہ دو سرکاری ملازم کس طرح ایسے شاہانہ انداز میں عوام کے سامنے آ سکتے ہیں جیسے وہ سول سرونٹ نہیں بلکہ شاہی حکام ہیں۔
